محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مرکزی بس اڈے پر کچرے کے ڈھیر جمع ہونے سے مقامی دکانداروں، مسافروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بس اڈے سے فوری طور پر کچرا ہٹایا جائے تاکہ عوام کو تعفن، آلودگی اور صحت کے خطرات سے نجات مل سکے۔مقامی افراد کے مطابق بس اڈہ ضلع کا سب سے اہم عوامی مقام ہے جہاں روزانہ ہزاروں مسافر آمد و رفت کرتے ہیں، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں کچرے کے ڈھیر معمول کا منظر بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات اور توجہ دلانے کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا، جس کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
سماجی کارکن ڈاکٹر سکھوندر نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کا مرکزی بس اڈہ ضلع کا اہم ترین ٹرانسپورٹ مرکز ہے، جہاں صفائی اور حفظانِ صحت کے اعلیٰ انتظامات ہونے چاہییں، مگر افسوس کہ یہاں کچرے کے ڈھیر لگنے سے نہ صرف شہر کا تشخص متاثر ہو رہا ہے بلکہ عوام کی صحت بھی خطرے میں پڑ رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اداروں نے بس اڈے کے قریب ایک عارضی ٹرمپنگ اسٹیشن قائم کر رکھا ہے، جہاں پہلے مختلف علاقوں سے لایا گیا کچرا جمع کیا جاتا ہے اور بعد ازاں اسے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اس دوران اٹھنے والا شدید تعفن، مکھیاں اور دیگر آلودگی دکانداروں، مسافروں اور آس پاس رہنے والے شہریوں کے لیے شدید اذیت کا باعث بنتی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ شہری آبادی اور بس اڈے جیسے حساس عوامی مقام پر ٹرمپنگ اسٹیشن قائم رکھنے کے بجائے اس کے لیے مناسب متبادل جگہ مختص کی جائے تاکہ لوگوں کو روزانہ پیش آنے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ بس اڈے کی مستقل بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنایا جائے، کچرے کی بروقت منتقلی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ مسافروں، دکانداروں اور شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔