جموں//جموںوکشمیر کے مختلف سرکاری سکولوں میں 12لاکھ طلباء و طالبات کی صحت و تعلیم میں بہتری یقینی بنانے کی غرض سے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جمعرات کو یہاں سٹوڈنٹ ہیلتھ کارڈ کا اجرا ء کیا ۔ یہ کارڈ تمام سرکاری سکولوں میں طلبا و طالبات میں تقسیم کئے جائیں گے تاکہ بچوں کی صحت اور تعلیم سے متعلق معلومات پر نگرانی رکھی جاسکے ۔تقریب پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، سکولی تعلیم کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار سمیت کئی افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بچوں کی صحت و تعلیم میں بہتری لانے کا مقصد ملک کی تعمیر یقینی بنانی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ تندرست بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے تمام والدین ، اساتذہ ، سکول انتظامیہ اور حکومت مشترکہ طور کام کرسکتے ہیں تاکہ بچوں کی تندرستی یقینی بنائی جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ بچوں کو حالیہ کرونا وائرس ( COVID-19 ) کے بارے میں جانکاری حاصل ہو تاکہ وہ صحت و صفائی کی طرف خصوصی دھیان دیں۔سکولوں کے تعلیم اور صحت سیکٹروں میں استحکام لانے کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سکول طلباء کو براہِ راست صحت و صفائی سے متعلق جانکاری دے سکتے ہیں اور انہیں تندرستی کے ساتھ ساتھ معیاری تدریسی و اخلاقی تعلیم فراہم کرسکتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہاتھوں ’ سٹوڈنٹ ہیلتھ کارڈ ‘ کا اجراء