بانہال // کورونا کی عالمی وبائی بیماری سے ضلع رامبن میں مثبت کیسوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اتوار کے روز ضلع رامبن میں کووڈانیس کی وجہ سے دو مزید افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ یہ ہلاکتیں بانہال میں ہوئی ہیں۔اب تک ضلع رام بن میں 3700 سے زائد افراد کووڈ انیس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ تین ہزار کے قریب افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ بانہال کے ٹھٹھاڑ اور کسکوٹ میں ہوئی دو اموات کے بعد ضلع رام بن میں کووڈانیس سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 43 تک پہنچ گئی ہیں۔ اتوار کو مزید بیالیس افراد کے نمونے مثبت آئے ہیں جبکہ 66 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت بشیر احمد شاہ ٹھٹھاڑ بانہال اور عبدالرشید نجار کسکوٹ بانہال کے طور ہوئی ہے اور کووڈانیس کے رہنما اصولوں کے مطابق ان کی تجہیز وتکفین کی گئی۔ضلع رام بن میں کووڈانیس کی دوسری لہر میں رواں سال مارچ سے اتوار 16 مئی تک ایک لاکھ بیس ہزار نمونے لئے گئے ہیں اور 1586 مثبت پائے گئے جبکہ یکم مارچ 2021 سے اتوار 16 مئی تک بائیس افراد کووڈ انیس سے چل بسے ہیں۔ اس وقت ضلع رام بن میں 768 ایکٹیو پازیٹیو کیس ہیں جبکہ 803 افراد وائرس سے چھٹکاراپانے کے بعد منفی آئے ہیں یا صحت یاب ہوئے ہیں۔