سرنکوٹ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے ضلع افسران کے ہمراہ سرنکوٹ کا دورہ کرکے ڈاک بنگلہ میں ایک عوامی دربار لگایاجس دوران لوگوں کے مسائل سنے گئے اور ساتھ ہی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔اس عوامی دربار میں اے سی ڈی مختار احمد ، ایس ڈی ایم سرنکوٹ محمد رشید کوہلی ، ڈی پی او مظاہر حسین کاظمی ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی ، محکمہ پی ایچ ای ، محکمہ پی ایم جی ایس وائی ، سی ایم او ممتاز حسین بھٹی ، چیف ایجوکیشن افسر مشتاق احمد ، تحصیلدار شاہد اقبال و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔ا س موقعہ پر مقامی لوگوںنے اپنے اپنے علاقہ جات کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے پانی وبجلی کی سپلائی وراشن اور رسوئی گیس کی بروقت تقسیم کاری پر زور دیا ۔ ساتھ ہی سڑکوں کی حالت بہتر بنانے ، زرعی نہروں کی مرمت ، سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں عملہ کی قلت ، میونسپلٹی سرنکوٹ کے کام کاج میں بہتری ، تعلیمی نظام میں بہتری اور سکولی اوقات کار میں تبدیلی کا مطالبہ کیاگیا ۔لوگوںنے سرنکوٹ میں فروٹ منڈی قائم کرنے ، زرعی کنالوں کی مرمت ، بفلیاز سرنکوٹ ، دھندک مندر مرہوٹ سڑکوں پر تارکول بچھانے ،قصبہ میں ہینڈ پمپ نصب کرنے ، کھنیتر سے لسانہ سڑک کی کلیئرنس ، دور افتادہ علاقوں میں راشن ڈپواور آنگن واڑی مراکز کے قیام و سرنکوٹ میں کھیل کود کا میدان تعمیر کرنے کی بھی مانگ کی ۔تمام مسائل سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ان کو حل کرنے کا یقین دلایا اور کہاکہ جائز مطالبات کو مقررہ مدت کے اندر حل کیاجائے گا۔ اس موقعہ پر یہ فیصلہ بھی لیاگیا کہ سکول کا اوقات کار تبدیل کرکے صبح نو بجے سے سہ پہر تین بجے تک رکھاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے عوام پر زور دیاکہ وہ ترقیاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اورمنصوبے مرتب ہونے سے لیکر سرکاری سکیموں کی عمل آوری پر نگاہ رکھیں ۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دور دراز علاقوں کا دورہ کرکے عوام کے تعاون سے ترقیاتی منصوبے مرتب کریں تاکہ ان منصوبوں کا لوگوں کو فائدہ ہوسکے ۔انہوںنے لوگوں کو اس بات سے آگاہ کیا کہ ضلع کی تمام 189پنچایتوں میں 14مئی کو گرام سبھائیں منعقد کی جائیںگی ۔انہوںنے کہاکہ اس دوران زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایاجائے تاکہ ترقیاتی حوالے سے بہترین منصوبے مرتب ہوسکیں۔