جموں / سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے رمسا ، ایس ایس اے ، سٹیٹ او ر ڈسٹرکٹ سیکٹر سکیموں کے تحت مکمل کئے گئے سکولی تعلیم کے کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور کئی پروجیکٹوں کاای۔ افتتاح بھی کیا۔سکولی تعلیم کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار او رایم ایل اے دیناناتھ بھگت اس موقعہ پر موجود تھے۔ایم ایل اے پون گپتا اور مختلف ضلعی افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افتتاحی ایونٹ میں شمولیت کی۔وزیر نے 68 نئے تعمیر شدہ سکولی عمارتوں کا افتتاح کیا اور دو عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔عمارتوں میں مڈل سکول ، پرائمری سکول ، ڈائیٹ کمپلیکس ، اپر پرائمری سکول ، ہائیر سکینڈری سکول شامل ہیں اور انہیں سانبہ ، کٹھوعہ ، ادھمپور ، پونچھ ، راجوری ، رام بن ، ڈوڈہ ، ریاسی اور کشتواڑ اضلاع میں تعمیر کیا گیا ۔ان تعمیرات پر 25کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ذوالفقار نے طلاب ،سکولی عملے او رمحکمہ کے افسروں کو نئے بنیادی ڈھانچے کو حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔وزیر کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے سپر 50کوچنگ پروگرام کو بوائز ہائیر سکینڈری سکول گاندھی نگر او رگورنمنٹ سری رنبیر ہائیر سکینڈری سکول میں شروع کیا گیا ہے جہاں انجینئرنگ ، میڈیکل و دیگر پیشہ وارانہ امتحانات کے لئے طلاب کو تیار کیا جارہا ہے ۔اس موقعہ پر ناظم تعلیم جموں راکیش کمار سرنگل ، پرسنل افسر افشان مسعود ، سی ای او جموں جے کے سدھن و متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔