عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات امور صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، امورِ نوجوان و کھیل کود ، سائنس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی ٹریننگزمحکمہ جات ستیش شرما نے آج ڈِی ٹوسی آئی اے کے پہلے نیشنل کنکلیو 2026 میں شرکت کی جہاں ڈِی ٹوسی اِنڈسٹری ایسو سی ایشن ( ڈِی ٹوسی آئی اے)کے جموں و کشمیرچپٹر کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلی کے مشیر ناصر اسلم وانی ، فلم ساز ،کاروباری افراد ،سٹارٹ اپ کے بانی ، صنعت کار اور دیگر شراکت دار موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ڈِی ٹو سی آئی اے جموں و کشمیر چپٹر کا ایک مضبوط اِختراع پر مبنی معیشت کی تعمیر کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور جموں و کشمیر میں سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
ستیش شر ما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت صنعت کاری ، اختراعات اور روزگار کے فروغ کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف حکمرانی، ترقی پسند پالیسیاں، ڈیجیٹل تبدیلی اور ہنرمندی کی ترقی کے اقدامات جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈائریکٹ ٹو کنزیومر(ڈِی ٹو ڈِی)شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی تجارت کا مستقبل اِختراع اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے ایسے اِداروں میں ہے جو صارفین تک براہ راست پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو بھی اِس تبدیلی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا اور سٹارٹ اپس، ایم ایس ایم اِیز، دستکاروں، کسانوں اور نوجوان کاروباری افراد کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم، مارکیٹ تک رسائی اور پالیسی تعاون فراہم کرنا ہوگا۔