عظمیٰ نیوز سروس
جموں// شیوسینا (یو بی ٹی) جموں و کشمیر یونٹ نے پہلگام میں امرناتھ یاترا کے مرکزی بیس کیمپ کے قریب واقع قدیم مملیشور اور گنیش بل مندروں کی تشویشناک حالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔پارٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کھوکھلے دعوؤں اور مبینہ ہندوتوا کے ایجنڈوں کو روکے، اور ہندو عبادت سے منسلک ان مقدس مقامات کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع کرے۔جموں میں مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منیش ساہنی نے کہا کہ عظیم الشان سالانہ یاترا سے منسلک قدیم اور مشہور ہندو مندروں کی حالت قابل رحم ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گنیشبل میں شری گنیش مندر کو صرف ایک تختہ اور چند مقدس سرخ پتھروں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ عقائد کے مطابق، یہ مقدس پتھر بھگوان گنیش کے خون سے مزین ہیں۔افسانوی کہانیوں کے مطابق، دیوی پاروتی نے قدیم مملیشور مندر کے صحن کے چشمے میں غسل کیا اور بھگوان گنیش سے داخلی دروازے کی حفاظت کی درخواست کی۔ تاہم، بھگوان شیو نے غصے میں آکر گنیش کے داخلے میں رکاوٹ ڈالی، اس کا سر اس کے جسم سے الگ کردیا۔ بعد میں، پاروتی کی درخواست پر، بھگوان شیو نے گنیش کو زندہ کیا۔
علامات کے مطابق، ان مقدس پتھروں پر بھگوان گنیش کے خون کے نشانات ہیں۔ یہاں بھگوان گنیش کے لیے وقف ایک مندر موجود تھا، جسے 2014 میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران شدید نقصان پہنچا تھا، اور اس کے بعد سے اس کی مرمت نہیں کی گئی۔کشمیر میں رہنے والے ہندوؤں اور سیاحوں کے لیے یہ مندر عقیدے کی علامت کے طور پر بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوچھ بھارت ابھیان کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور شری امرناتھ سفری راستے، جموں ڈویڑن کے سیاحتی مقامات کی حالت بھی قابل رحم ہے۔ساہنی نے کہا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھوکھلے دعوؤں اور مبینہ ہندوتوا ایجنڈوں کو ختم کیا جائے اور ہندوؤں کے لیے مذہبی اہمیت رکھنے والے ان مقامات کی فوری طور پر تعمیر نو کی جائے۔