جموں //شیو سینا نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے کشمیر سے متعلق سئے گئے بیان کی مذمت کی ہے ،جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق عارضی ہے۔شیو سینابالا صاحب ٹھاکرے کے ریاستی جنرل سیکرٹری منیش ساہنی کی قیادت میں شیو سینکوں کی ایک بڑی تعداد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک میں ایک ہی جھنڈا اور ایک ہی قانون لاگو ہونا چاہیے۔ ساہنی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور کوئی بھی اس کو بھارت سے علحٰدہ نہیں کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی کا کشمیرمیں ہی اثر ورسوخ ہے جو لوگوں کو گمراہ کرکے اپنی بنیاد بنائے رکھنے کے خاطر کام کر رہی ہے۔ساہنی نے مزید کہا کہ شیو سینا این ڈی اے میں ایک بڑا حصہ دار ہے اور پارٹی کا قومی صدر اودھو ٹھاکرے بھی دفعہ 370 کو ہٹانے اور ایک جھنڈا ،ایک آئین لاگو کرنے کے حق میں ہیں۔مظاہرین میں سرجیت سنگھ چب ، یش پال کھجوریہ، خواتین لیڈر میناکشی چھبر، راج سنگھ ، وکاس بخشی، راجیو چودھری، سنجیو سودن ، منگو رام ،بوری سنگھ ، گنیش، پنکج ساہنی،تلوار ،رینو اور دیگران بھی شامل تھے۔