بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے علاقہ نارواو میں شیری سے ملہ پورہ رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں اور ٹرنسپورٹروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق ہیون ، کالے بن ، کاو ہار ، فتح گڑھ سمیت کئی دیہات کے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہے اورجگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے ۔ لوگو ں کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے کئی جگہوں پر سڑک پرپسیاں گر آئی ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا ۔ ایک مقامی شہری سجاد احمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک کی حالت ا س قدر خستہ ہے کہ ٹرانسپورٹر بھی اب سروس جاری رکھنے میں کترارہے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد پر مشتمل ا ٓبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ لوگوں کے مطابق اگر چہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کے افسران کو اس معاملے سے آگاہ کیا ہے لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی جلد از جلد مرمت کی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔