عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شہر سرینگر کے مختلف علاقوں میں بجلی کرنٹ لگنے کے الگ الگ واقعات میں مزدور جاں بحق ہو گیا جبکہ دو دیگر افرا د جھلس کر زخمی ہو گئے۔تھانہ صورہ سے ایک پولیس پارٹی نے بجلی سے جھلسنے والے ایک شخص کو بے ہوشی کی حالت میں سکمز صورہ منتقل کیا جب وہ حول میں کام کے دوران حادثاتی طور پر ایک زندہ بجلی کے تار سے رابطے میں آگیا۔ مہلوک شہری کی شناخت نورانی گوجر ترک ولد خمیم غلام ترک ساکنہ بانڈی پورہ کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 40 سال کے قریب ہے۔حکام کے مطابق وہ نجی کمپنی میں مزدور کے طور پر کام کر رہا تھا اور مبینہ طور پر اسلامیہ کالج حول کے قریب بجلی کے کھمبے کی پینٹنگ کر رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ اسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
ادھر ایک اور واقعہ میں منور آباد علاقے سے کرنٹ لگنے سے جھلسنے سے ایک شہر ی زخمی ہو گیا۔ حکام نے بتایا کہ زخمی شخص کی شناخت اشتیاق احمد ولد غلام حسن ساکنہ گاندربل کے طور پر ہوئی ہے جس کی عمر تقریباً 45 سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ منور آباد کے ہوٹل نمبرروز میں کام کر رہا تھا کہ اسے کرنٹ لگ گیا۔جس کے بعد اس کو علاج کیلئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا، کرسو راجباغ علاقے میں ہوٹل ولاستا میں ڈیوٹی کے دوران ایک ہوٹل ممبر کو مبینہ طور پر بجلی کا جھٹکا لگا۔زخمی نوجوان کی شناخت عمران احمد لون ولد محمد مقبول لون ساکنہ سوپور کے بطور ہوئی ہے۔ اسے علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے تمام واقعات کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔