پونچھ//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ ان شہیدوں کی عزت کرنا لازمی ہے جنہوںنے قومی کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے اِن خیالات کا اِظہار کورٹ کمپلیکس پونچھ میں عدلیہ کے ایک سینئر رُکن آنجہانی وِجے کمار پال کے مجسمے کی نقاب کشائی کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہیں 5دسمبر 2001 میںنامعلوم بندوق برداروں نے ڈیرہ گلی جنگل میںہلاک کیا تھا۔ایم ایل سی پردیپ شرما، ڈپٹی کمشنرپونچھ طارق احمد زرگر،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے،بار ایسو سی ایشن صدر تاج حسین شاہ اور کئی دیگر شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہیں کہ ہم ان شہیدوں کو خراج عقیدت ادا کریں جنہوں نے قوم کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔انہوںنے کہا کہ اس طرح سے حب الوطنی کے جذبے کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے تقاریب منعقد کرانے سے لوگوں میں بیداری پیدا ہوتی ہے۔اپنے دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان کے ساتھ بھی ایک اجلاس منعقد کیا جس دوران انہوں نے کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ عوام مسائل حل کرنے کیلئے سرگرم رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیوں کو پسند کرتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں جماعت مضبوط سے مضبوط ہورہی ہے ۔