تیز آندھی،زمین کھسکنے اور پتھر گرنے سے نوجوان لقمہ ٔ اجل ، شہری زخمی
سرینگر // پیر پنچال کے آر پار منگل کو تیسرے روز بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ گلمرگ سمیت وادی کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ جموں کشمیر میںمسلسل بارشوں ، پتھر کھسکنے اور تیز آندھی سے ایک نوجوان لقمہ اجل جبکہ مینڈھر میں ایک شہری زخمی ہواجبکہ متعددرہائشی مکانات اورمیوہ باغات کوبھاری نقصان پہنچا۔ ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ جانے کے بعدسیول وپولیس انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔
وادی
وادی کشمیر میں گذشتہ تین دنوں سے رک رک کر برف و باراں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی بڑھ گئی ہے۔ گلمرگ میں دوران شب چار سے 5 انچ تازہ برف جمع ہوئی ۔ادھر سرحدی تحصیل کرناہ میں ایک نوجوان اپنے گھر کے نزدیک کسی کام کیلئے نکلا تھا تو اس دوران نزدیکی پہاڑی سے پسیاں اور پتھر گر آنے کے نتیجے میں اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔نوجوان کی شناخت عامر حسن ولد محمد شفیع ساکن مرچھلاں ہیبکوٹ کے بطو ر ہوئی ہے۔کرناہ سب ڈویژن میں بارشوں کے نتیجے میں چٹانیں کھسکنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میںمنگل کو موسم کی خرابی کے دوران تیز ہوائیں چلیں جس کے نتیجے میں کم سے ایک رہائشی مکان اور ایک سکولی عمارت کی چھتیں اْڑ گئیںجبکہ ایک سرکار سکول میں بارش کا پانی داخل ہوا۔ جنوبی قصبہ بجبہاڑہ کے مضافاتی علاقہ نوشہرہ میں ایک سکول کی چھت تینز آندھی سے اْس وقت اْڑ گئی ،جب بچے اور اساتذہ اسکول میں موجود تھے۔تاہم اس دوران سبھی بچے اوراستاد معجزاتی طور بچ گئے۔تیز ہوا چلنے کے ایک اور واقعہ میں چوگام ویری ناگ میں غلام حسن بٹ کے مکان کی چھت اْڑ گئی اور اس واقع میں بھی کسی کو کوئی گزند نہیں پہنچی۔اسی طرح پلوامہ میں مڈل سکول ٹینگہ ہاڑمیں پانی جمع ہونے کے بعد سکول کو بند کر دیا گیا ۔ شمالی ضلع بارہمولہ کے بالائی علاقہ چندوسہ کنڈی میں زمین کھسکنے سے کئی میوہ باغ تباہ ہو گئے ۔ چندوسہ کے ناری بل علاقے میں حالیہ بارشوں سے قریب نصف کلو میٹر تک زمین کھسک گئی جس کے نتیجے میں کئی میوہ باغات مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ اوڑی کے گھرکوٹ میں ایک بیوہ خاتون بالی بیگم کے مکان کو تیز ہوا سے نقصان ہوا ۔
جموں
جموں ضلع کے متعدد علاقوں میں پسیاں اور پتھر گرنے کا عمل جاری ہے ۔بانہال اور جواہر ٹنل کے علاقوں میں پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پونچھ کے مینڈھر علاقے کے گلہوتہ گائوںمیں تیز ہوا چلنے سے کئی مکانوں کی چھتوں کو نقصان ہوا۔ اس واقعہ میں ٹین کی ایک چادر ایک شخص کے سر پر جالگی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔زخمی شہری کی شناخت محمد تاج ولد عبداللہ خان ساکن کیری گلہوتہ کے طور پر ہوئی ۔قابل ذکر ہے کہ مینڈھر میں پیر پنچال کے سبھی علاقوں کی طرح موسم شدید خراب ہے۔اسی طرح کشتواڑ میں بھی مسلسل تیسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سروڑ کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے ۔