مومن فہیم احمد عبدالباری
� ماس کمیونکیشن اینڈ جرنلزم میں کیریئر کے مواقع :۔اگر آپ کو میڈیا انڈسٹری ،ٹیلی ویژن ، ریڈیو ، اخبارات( نیوز پیپرس)، جرنلس، میگزین اور موجودہ دور میں سوشل میڈیا یہ شعبے راغب کرتے ہیں تو میڈیا اور جرنلزم کا شعبہ آپ کے لئے مناسب ہے ۔اس کے ذریعہ آپ اپنی بات خبریں حقائق ایک بڑی تعداد میں عوام تک پہنچا سکتے ہیں ساتھ ہی ساتھ آپ سماج کی خدمت اور ایک بہتر سماج کی تشکیل کا سبب بھی بن سکتے ہیں ماس کمیونیکیشن کی ڈگری آپ کے لئے راہیں کھولتی ہیں، جن میں صحافت، عوامی رابطہ، کسی موضوع پر تحریر(کانٹینٹ رائٹنگ) اور اس کی تصحیح و تالیف(ایڈیٹنگ)، اشتہاربازی ، ایونٹ مینجمنٹ ، براڈکاسٹنگ (نشر و اشاعت) و پروڈکشن ، کاپی رائٹنگ (اخبار کے مشمولات کی درستگی، تصحیح اور اسے زیادہ دلچسپ بنانا)وغیرہ شامل ہیں۔ آپ مختلف میڈیا پروڈکشن ہاؤسیز کے ساتھ کام کر سکتے ہیں ان کے لیے دستاویزی فلمیں، ویڈیو کلپ تیار کرنا، انٹرویو، سماجی موضوعات پر فیچر اور دلچسپی و تفریحات (انٹر ٹینمینٹ) کے شعبے میں اپنا کریئر بنا سکتے ہیں۔
ماس میڈیا اور کمیونیکیشن سے متعلق چند اہم ادارے : دہلی کالج آف آرٹس اینڈ کامرس (نئی دہلی) ، اندرپرستھا یونیورسٹی (نئی دہلی)، جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (نئی دہلی) ، سمبائسیس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن (پونے) وغیرہ
� معاشیات میں کیریئر کے مواقع :۔معاشیات ایک اہم مضمون ہے جو سماج کا اس لحاظ سے مطالعہ کرتا ہے کہ وسائل کی مناسب تقسیم کس طرح ہو؟ ملک کے معاشی حالات کو بہتر کرنے اور ترقی میں اپنا کردار اداکرنے کے لئے ہم علم معاشیات کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔ معاشیات میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد آپ بینک، تحقیقی اداروں، مالیاتی اداروں،حکومت کے معاشی و مالیاتی شعبے ، انشورنس کمپنیوں اور اکاؤنٹینسی اداروں میں بحیثیت رسک ایڈوائزری ایسوسی ایٹ (یعنی خطرات سے آگاہی کے معاون تجزیہ کار)، تحقیق میں معاون کاروغیرہ کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔
علم معاشیات کی تعلیم فراہم کرنے والے چند اہم ادارے دہلی اسکول آف اکنامکس (نئی دہلی) سینٹ اسٹیفنز کالج (نئی دہلی)، پریسیڈنسی کالج (کولکاتا) شری رام کالج آف کامرس (نئی دہلی)، لولا کالج ، ہندو کالج (نئی دہلی) اشوکا یونیورسٹی (ہریانہ) وغیرہ
�ڈیزائن کے شعبے میں کیریئر کے مواقع :۔اگر آپ اپنے خیالات کی ترسیل -تصاویر، ڈیزائن، ڈرائنگ اور خاکوں سے دوسروں تک باآسانی کرسکتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ڈیزائن کا شعبہ آپ کے لئے انتہائی کارگر ہے۔ ڈیزائن کے شعبے میں کسی تصور کو پیش کرنا اس کی تخلیق کرنا ، تصاویر اور ڈرائنگ خاکوں کے ذریعے اپنی بات ، اپنے خیالات دوسروں تک پہنچانا شامل ہیں۔ یہ ایک بہت ہی وسیع شعبہ ہے جس میں مختلف الگ الگ اسپیشلائزیشن (اختصاص) شامل ہیں جن میں گرافک ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن، فیشن ڈیزائن، پروڈکشن ڈیزائن، اینیمیشن ،فرنیچر ڈیزائن ،جیولری ڈیزائن ،پروڈکٹ ڈیزائن وغیرہ شامل ہیں ۔ اس شعبے میں روزگار کے کثیر مواقع ہیں مثال کے طور پر اگر آپ ایک فیشن ڈیزائنر ہیں تو آپ مختلف ٹیکسٹائل پروڈکشن ہاؤسز ، بوٹیک ، گارمنٹ ایکسپورٹ ، مارکیٹنگ میڈیا ڈیپارٹمنٹ اور فیشن برانڈز کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔
ڈیزائن کورس سے متعلق چند اہم ادارے : نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیزائن ، انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی (بنگلور)،انسٹیٹیوٹ آف ڈیزائن (پونے) انڈین اسکول آف ڈیزائن اینڈ انوویشن (ممبئی )، کالج آف آرٹس (ممبئی) ، ایم آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن وغیرہ۔
� ایونٹ منیجمنٹ میں کیریئر کے مواقع :۔یہ کورس آپ کی انتظامی اور تنظیمی صلاحیتوں کو بروئے کارلانے اوراپنی مہارتوں کو استعمال کرنے میں انتہائی کارگر ہے۔ اس کے ذریعہ آپ مختلف سماجی اور کاروباری مواقع پر اپنی مہارت کے ذریعے انہیں منصوبہ بند طریقے سے بہتر طور پر پیش کرتے ہیں ۔ مختلف پروگرام، فنکشن وغیرہ کی تزئین و ترتیب اور ڈیکوریشن وغیرہ کی ذمہ داریاں ایونٹ مینجمنٹ کمپنی یا ایونٹ مینیجر کی ہوتی ہیں۔ ایونٹ مینجمنٹ میں صرف کسی پروگرام کی منصوبہ بندی یا کسی شادی کے انتظامات کرنا شامل نہیں ہے اس میں اس کے علاوہ کاروباری ، کھیل کود (اسپورٹس ایونٹ) کے مواقع، پارٹیز، تہواروں اور ری یونین کے موقعوں پر مختلف خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ ایونٹ مینجمنٹ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ مختلف ایونٹ مینجمنٹ کمپنی میں ملازمت کر سکتے ہیں ،غیر تجارتی تنظیموں ، رابطہ عامہ کے اداروں، ہوٹل اور ریسٹورنٹ میں اپنی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ انفرادی طور پر اپنی خدمات دے سکتے ہیں جن میں میٹنگ ، شادی بیاہ ، امدادی پروگرام اور پریس کانفرنس وغیرہ کا انتظام و انعقاد کرنا شامل ہیں۔
ایونٹ مینجمنٹ کی تعلیم فراہم کرنے والے چند اہم ادارے : نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ، نیشنل اکیڈمی آف مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ ، انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (ممبئی) کالج اف ایونٹ اینڈ میڈیا ، انڈین انسٹیٹیوٹ آف لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (گرگاؤں) وغیرہ۔
� سماجی خدمات یا سوشل ورک میں کیر یئر کے مواقع :۔یہ کورس ان افراد کے لئے انتہائی مناسب ہے جو سماج کی بہتری کے لیے اپنے آپ کو وقف کر دینا چاہتے ہیں۔ سماج کے نچلے طبقے یا سماج میں ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ، ان کے حقوق کے لیے کام کرنا ، سماجی برائیوں کو روکنے کے لیے آگے آنا وغیرہ اس میں شامل ہیں۔ ایک سماجی خدمتگار مختلف اداروں کے ساتھ کام کرسکتا ہے انفرادی طور پر بھی کام کر سکتا ہے عموماً یہ کام غربت ،بے روزگاری کے خاتمے اور تعلیم کو عام کرنے سے متعلق ہوتے ہیں۔ اس شعبے میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد آپ مختلف غیر تجارتی تنظیموں کے علاوہ کارپوریٹ سیکٹر میں تجارتی اداروں کی سماجی ذمہ داریوں (سی ایس آر) کے تحت تعلیم و صحت کے شعبے میں بازآبادکاری کے مراکز او ر حکومتی اداروں کے ساتھ حفظان صحت سے متعلق بیداری ، عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہی، سماجی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خلاف آواز اٹھانے سے متعلق پروجیکٹس وغیرہ پر کام کرسکتے ہیں۔
سماجی خدمات سے متعلق اہم ادارے : دہلی اسکول آف سوشل ورک (نئی دہلی)، ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (ممبئی و گوہاٹی) ، پنجاب یونیورسٹی (چندی گڑھ)، کرائسٹ یونیورسٹی (بنگلور)وغیرہ۔
� غیر ملکی زبانوں میں کیریئر کے مواقع :۔یہ کورس ایسے افراد کے لئے مناسب ہے جو زبانوں کو سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کورسیس کا تعلق کئی ملکوں کی الگ الگ زبانوں کو سیکھنے سے ہے۔ مثال کے طور پر اسپینی، کورین ، فرانسیسی ،جرمن ،عربی ،فارسی وغیرہ ۔ اگر آپ کو دنیا کی مختلف زبانوں کو سیکھنے کا شوق ہے اور آپ اس اپنے شوق کو کرئیر بنانا چاہتے ہیں تو غیرملکی زبانوں کا سیکھنا آپ کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ غیر ملکی زبانوں کے ماہر ہونے پر آپ بحیثیت ترجمہ نگار ، میکسیکو گرافر (یعنی لغت کے لئے مواد مضمون تیار کرنا) ، غیرملکی زبانوں کی درس و تدریس، فورنسک لنگوئسٹ (غیر ملکی زبانوں کے دستاویزات کی جانچ )اور رائٹر یعنی مصنف کے طور پر کام کر سکتے ہیں ۔ زبان کے ماہر کے طور پر آپ مختلف غیر ملکی سفارت کاروں یا ایمبیسی میں کام کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی اداروں مثلا اقوام متحدہ ، عالمی ادارہ صحت اور بین الاقوامی پبلشنگ ہاؤسز (کتابوں ، رسالوں و جرائد کی اشاعت کے ادارے) میں بھی اپنی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔غیر ملکی زبانیں سکھانے والے چند اہم اداروں میں الائنس فرینک ، جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) ، چائینیز لینگویج انسٹی ٹیوٹ ، میکس ملر انسٹیٹیوٹ ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی آف فارن لینگویج اور اس کے علاوہ مختلف ملکوں کے سفارت خانے (ایمبیسی) اپنے ملکوں کی زبانوں کو سکھانے کا اہتمام کرتے ہیں۔
� بلاگنگ ،کرئیٹیورائٹنگ میں کیریئر کے مواقع :۔بلاگنگ اور کریٹیو رائٹنگ سے مراد کسی موضوع پر اپنی تحریر کے ذریعے لوگوں کو اپنے خیالات سے واقف کرانا ہے۔ شعبہ اشتہار بازی میں مخصوص مواد کی تیاری(کانٹینٹ رائٹنگ) کے لئے تخلیقیت سے بھر پور تحریرکی بڑی اہمیت ہوتی ہے اس کے علاوہ فلم ،ٹیلی ویژن، سوشل میڈیا اور بلاگنگ کے ذریعے بھی ہم اپنی بات دوسروں تک پہنچاسکتے ہیں۔ تخلیقی تحریر میں ناول، کتابیں، سوانح حیات وغیرہ شامل ہیں ۔ اس کے لیے کسی خاص ڈگری کی ضرورت نہیں ہے بلکہ دلچسپی اور رغبت انتہائی ضروری ہیں ، ساتھ ہی وسیع مطالعہ اور زبان دانی کی مہارت ہونی ضروری ہے۔ آپ انفرادی طور پر بلاگ (انٹرنیٹ پر برقی تحریر) یا پھر کسی ویب سائٹ یا ویب پورٹل کے لیے کسی مخصوص موضوع یا موضوعات پر اپنے خیالات قلمبند کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ آپ ایک ناول نگار، ایڈیٹر ،اخبار ی کالم نگار، اور انٹرنیٹ بلاگر کے طور پر بھی کام کر سکتے ہیں اور اچھے پیسے کما سکتے ہیں۔
چند اہم ادارے : اگر آپ انگریزی میں کرئیٹیو رائیٹر بننا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو انگلش آنرس یا انگریزی ادب کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمارے ملک میں لیڈی شری رام کالج (نئی دہلی)، کرائسٹ یونیورسٹی (بنگلور) ہندو کالج (نیو دہلی) لائٹ ہاؤس پبلیکیشنز ، سینٹ زیویرس کالج (ممبئی) وغیرہ اہم ہیں۔
�سول سروسز میں کیریئر کے مواقع :۔انسانی علوم کے مطالعے میں اگر کسی کرئیر کو سب سے زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیا جاسکتا ہے تو وہ سول سروسز یعنی آئی اے ایس ، آئی پی ایس یا حکومت میں بحیثیت نوکرشا(بیوروکریٹس) یا جنھیں عرف عام میں حکومتی شعبوں میں اعلیٰ افسر ان کے طور پر جانا جاتا ہے، شامل ہیں۔ کسی بھی شعبے سے گریجویشن کرنے والا امیدوار سول سروسیس کے امتحان میں شریک ہو سکتا ہے یہ امتحانات مرکزی سطح پر یونین پبلک سروسیس کمیشن اور ریاستی سطح پر ریاستی سروسیس کمیشن منعقد کرتے ہیں۔ حکومت کے تمام شعبوں میں تقرری کے لیے ان مقابلہ جاتی امتحانات میں شرکت لازمی ہے۔ امتحانات کا طریقہ کار تین مرحلوں پر مشتمل ہے۔ یعنی ابتدائی امتحان ،مینس امتحان اور انٹرویو ۔ ان امتحانات میں شرکت کے لیے آپ کو کسی ایک مخصوص مضمون میں مہارت کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن آپ کو تمام علوم میں اچھی خاصی معلومات، تجزیہ کی صلاحیت، بروقت فیصلہ لینے کی صلاحیت اور اس طریقے کی دیگر خصوصیات یا قابلیتیں آپ میں ہونی چاہئیں۔ان امتحانات میں کامیابی کے لئے عمیق مطالعہ اور سخت اور ایماندارانہ محنت شرط ہے۔ ابتدائی درجات سے ان کی تیاری کی جائے تو کچھ بعید نہیں ہے کہ آپ سول سروسیس میں کامیاب کریئر بنائیں۔ ہمارے ملک میں ان امتحانات کی تیاری کے کئی ادارے موجود ہیں جن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ (نئی دہلی) ، زکوۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا (نئی دہلی) ، ایس آئی اے سی (ممبئی)، یونیورسل آئی اے ایس اکیڈمی (ممبرا،ممبئی)، حج ہائوس (ممبئی) اور دیگرکئی ادارے شامل ہیں۔
9970809093
[email protected]