کنگن//ریزن سے شتکڑی سونہ مرگ تک سڑک خستہ حال ہونے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈبن جانے کی وجہ سے گاڑیوں کو نقصان ہورہا ہے۔ ٹرانسپورٹروں پر مشتمل ایک وفد نے بتایا کہ گاندربل ضلع کے ریزن سے شتکڑی سونہ مرگ تک سرینگر سونہ مرگ سڑک خستہ حال ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹروں کو نقصان سے دوچار ہونا پڑتاہے۔ ٹرانسپورٹروں نے کہا کہ اگر ریزن سے شتکڑی ٹول پوسٹ تک باڈر روڈ آرگنائزیشن نے میکڈم نہیں بچھایا جس کی وجہ سے شاہراہ پر چلنے والے ٹرانسپورٹروں کو روزانہ ہزاروں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیکن اس سڑک کی مرمت کرتی ہے نہ میکڈم بچھایا جارہا ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ریزن سے شتکڑی تک سڑک پر میکڈم بچھایا جائے تاکہ انہیںمزید نقصان سے دو چار نہ ہونا پڑے۔
کھارپورہ بارہمولہ اور دیگر کئی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل
سرینگر// بارہمولہ ضلع کے کھارپورہ علاقے کی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے جس کی وجہ سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ اگر سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی تو موسم سرما میں ان کا گھروں سے نکلنا ناممکن بن جائے گا۔ کھارپورہ ، چک، گنڈہ بال، گلاب باغ، ہاری پورہ میں رہائش پذیر لوگوںنے بتایا کہ دورِجدید میں بھی وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور جیسے وہ قدیم زمانہ میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں سڑکوں پرمیکڈم بچھانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ لوگوںنے کہاکہ سڑکوں کی مرمت اور میکڈم بچھانے کیلئے کوئی عملی کارروائی نہیں کی جارہی ہے حالانکہ وہ متعلقہ محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر کے پاس بھی گئے لیکن عوامی مشکلات کو حل کرنے کیلئے کوئی غور نہیںکیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ اب سردیاں آنے والی ہیں جس کے دوران یہاں درپیش مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے۔ لوگوں نے کہاکہ وہ کدھر جائیںگے کیونکہ بارشوں اور برفباری میں ان خستہ حال سڑکوں پر چلنا ناممکن بن جاتا ہے۔ لوگوںنے ضلع انتظامیہ اور لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ برفباری ہونے سے قبل ہی ان خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی جائے تاکہ ان کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ کے این ایس