بانہال// جموں سرینگر شاہراہ بدھ کو قریب 11مقامات پربھاری پسیاں اور پتھر گر آنے سے مجموعی طور پرتیسرے روز بھی بند رہی ۔شاہراہ آج بھی ہر طرح کی گاڑیوں کیلئے بند رہے گی، البتہ صرف درماندہ گاڑیوں کو نکالا جائیگا۔جبکہ جمعہ کو مرمت کے پیش نظر اسے بند رکھا جائیگا۔بدھ کی شام رام بن۔ بانہال سیکٹر کو ٹریفک کیلئے یکطرفہ طور بحال کیا گیا اور درماندہ گاڑیوں کو نکالا گیا۔یاد رہے پیر کی دوپہر سے بانہال اور رام بن کے درمیان متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ رات بارشوں میں شدت کی وجہ سے شاہراہ کے مزید ایک درجن سے زائد مقامات پسیوں اور پتھروں کی زد میں آگئے جس کی وجہ سے پچھلے چار روز سے سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں کو رام بن اور ادہمپور کے درمیان روک دیا گیا۔ تعمیراتی کمپنی حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کیفٹیریا موڑ رام بن اور مہاڑ کے درمیان گر آئی ایک بھاری پسی نے شاہراہ کے ایک بڑے حصے کو لپیٹ میں لیا ہے جبکہ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر گر آئی چھوٹی بڑی رکاوٹوں کی وجہ سے ایک درجن سے زائد مقامات پر سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کیفٹیریا موڑ، سیری، ماروگ ، بیٹری چشمہ، انوکھی فال ، ڈگڈول ، پنتھیال، رامسو موم پسی ، کانگرو، شیر بی بی اور رتن باس وغیرہ کے مقامات پر شاہراہ بند ہے۔ ڈی ایس پی ٹریفک رام بن بھاردواج نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی صبح سے بارشوں کے رک رک کر آنے والے سلسلے کے بیچ شاہراہ پر فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی نے بحالی کا کام شروع کیا اور رام بن اور بانہال کے درمیان ایک درجن سے زائد مقامات پر گر آئی چھوٹی بڑی پسیوں اور رکاوٹوں کو صاف کرکے اس سیکٹر کو بدھ کی شام پانچ بجے یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کیا ۔تاہم انہوں نے کہا کہ رام بن کے کیفٹیریا موڑ علاقے میں شاہراہ کے ایک بڑے حصے پر بھاری پسی کیساتھ ہزاروں ٹن ملبہ گر آیا ہے، جسے صاف کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سیکٹر میں شاہراہ کی بحالی کے امکانات بدھ رات دیر تک یا جمعرات کی صبح تک ہی ممکن دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جمعرات کے روز شاہراہ اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر صرف درماندہ گاڑیوں کو ہی نکالا جائیگا اور اس دوران سرینگر یا جموں سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔