عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/فرانس میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ملاقات کے بعد ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے جمعرات کو یہاں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے مسائل پر بات چیت کی۔ گور ،ٹرمپ اور مودی کی ملاقات کے دوران بدھ کی رات فرانس کے شہر ایویاں میں ہی تھے اور وہاں سے سیدھے یہاں آئے ہیں۔ شاہ نے گور کے ساتھ ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ملاقات کی معلومات دی۔ دونوں نے خاص طور پر سکیورٹی کے شعبے میں، خاص کر دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اور مضبوط کرنے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا، آج نئی دہلی میں ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور سے ملاقات کی۔ سکیورٹی کے شعبے میں، خاص کر دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے، ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو اور مضبوط کرنے پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ہندوستان ہند-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے اور یہ یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے کہ دونوں ممالک کے لوگوں کو اس دوطرفہ رشتے کا فائدہ ملے۔
گور نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا، وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی۔ ہم نے ملی ٹینسی سے نمٹنے، اپنے لوگوں کو نشہ آور اشیاء اور غیر قانونی ڈرگز سے بچانے، اپنی سرحدوں کو محفوظ کرنے اور دونوں ممالک میں مجرموں کو سزا دلانے کے لیے تعاون بڑھانے پر بامعنی گفتگو کی۔امریکہ اور ہندوستان کے حکام باقاعدگی سے سرحدوں کو محفوظ کرنے، مجرموں کو سزا دلانے اور نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کے لیے اسٹریٹجک میٹنگیں کرتے رہے ہیں۔