عشرت حسین بٹ
پونچھ/پونچھ کی تحصیل منڈی کے بیدار اور چھمبر علاقوں میں بدھ کے روز ایک ریچھ کے حملے میں تین خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق خواتین اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھیں کہ اچانک ریچھ نے ان پر حملہ کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق ریچھ نے دو مختلف علاقوں، بیدار اور چھمبر، میں خواتین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے زخمی خواتین کو سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا گیا۔
زخمی خواتین کی شناخت نجمہ اختر دختر عبدالکریم ساکن چھمبر، شاہین اختر زوجہ محمد پرویز ساکن بیدار اور گلناز اختر زوجہ جلال الدین ساکن بیدار کے طور پر ہوئی ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق دو خواتین کی حالت تشویشناک تھی، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کر دیا گیا، جبکہ ایک خاتون کو نسبتاً کم چوٹیں آئیں اور انہیں سب ضلع ہسپتال منڈی میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی آبادی میں داخل ہونے والے جنگلی جانوروں سے لوگوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
منڈی میں ریچھ کا قہر، تین خواتین شدیدزخمی