عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/اے آئی پی کے رہنما لال چوک اننت ناگ میں جمع ہوئے تھے جہاں سے انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں مارچ کا آغاز کیا۔ اس دوران علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے مارچ کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔پولیس حکام کے مطابق اس مارچ کے انعقاد کے لیے پیشگی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی، جس کے باعث اسے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکام نے مزید کہا کہ سکیورٹی اور انتظامی ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے کسی بھی پروگرام کی اجازت لازمی ہے۔
موقع پر موجود اے آئی پی رہنماؤں نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے پرامن طریقے سے مارچ کر رہے تھے، تاہم انہیں روک دیا گیا۔ کارکنان نے بھی اس اقدام پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔لال چوک میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوا، تاہم پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے باعث صورتحال قابو میں رہی اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے تاکہ کسی بھی ممکنہ بدامنی کو روکا جا سکے۔ بعد ازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اے آئی پی کی جانب سے یہ مارچ مختلف عوامی مسائل، جن میں ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری، بنیادی سہولیات کی کمی اور دیگر عوامی شکایات شامل ہیں، ان کو اجاگر کرنے کے لیے مارچ نکالنے کی کوشش کی گئی تھی۔
عوامی اتحاد پارٹی کا لال چوک اننت ناگ سے لوک بھون تک پیدل مارچ پولیس نے روک دیا