کٹھوعہ/ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ کٹھوعہ جو صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی میں کٹھوعہ ضلع کے لئے سال 2018-19ء کے لئے 164.58کروڑ روپے منظور کئے ۔وائس چیئرمین او بی سی ویلفیئر بورڈ ریشپال ورما، ایم ایل اے ہیرا نگر کلدیپ راج ، ایم ایل اے بنی جیون لال، ضلع ترقیاتی کمشنر روہت کجھوریہ ،ایس ایس پی شری دھر پٹیل کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہاں میٹنگ میں موجود تھے۔چودھری جو ضلع ترقیاتی بورڈ کٹھوعہ کے چیئرمین بھی ہیں نے پچھلے سال کے ضلع منصوبے کے تحت حصولیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف سکیموں کے لئے مقرر شدہ رقومات کو بہتر طریقے پر خرچ کریں۔انہوں نے کہاکہ مختلف محکموں کو آپسی اشتراک کے ساتھ کام کرنا ہوگاتاکہ ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو آسانی سے دور کیا جاسکے۔موسم گرما کے دوران بجلی کی کم وولٹیج اور پانی کی قلت کے مسائل سے نمٹنے کے لئے چیئرمین بورڈ سے کہا کہ صحت عامہ اور محکمہ بجلی ان مسائل کو حل کرنے کے لئے مشترکہ طور کام کریں تاکہ ضلع میں رہائش پذیر آبادی ان سہولیات سے مستفید کئے جاسکیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی پروجیکٹوں اور سکیموں کو عملاتے ہوئے متعلقہ ارکان قانون سازیہ کو اعتماد میں لیں۔ارکان قانون سازیہ نے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ کے دوران ضلع کٹھوعہ کی ترقی اور دیدۂ ذیبی سے متعلق کئی مطالبات پیش کئے۔ان ارکان میں بنی کے ایم ایل اے جیون لال نے حلقہ انتخاب بنی کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کا مسئلہ اُبھارا ۔انہوں نے علاقے کے ٹرانسفارمروں کو بدلنے اور مرمت کرنے کے علاوہ ٹرانسفارمروں کی دستیابی پر بھی زور دیا ۔رکن قانون سازیہ ہیرا نگر کلدیپ راج نے مفلس کنبوں کے لئے انفرادی بیت الخلاء تعمیر کرنے کے سلسلے میں مقامی این جی اوز کی خدمات حاصل کرنے پر زور دیا۔وائس چیئرمین او بی سی ویلفیئر بورڈ یشپال ورما نے ضلع میں او بی سی ہوسٹل تعمیر کرنے پر زور دیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین مقامی نمائندوں کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے پچھلے سال کے منصوبے کی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ 169.09 کروڑ روپے دستیاب رقومات میں سے 101.23کروڑ روپے مختلف ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے۔