جموں//ایس وی ای پی سے متعلق الیکشن کمیشن کی ملکی سطح کی بیداری مہم کے حصے کے طور پر ریاستی الیکشن محکمہ نے سول سیکرٹریٹ اور پولیس آڈیٹوریم میں دو خصوصی بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا۔گورنر کے مشیر کے سکندن، ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بھی پولیس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔سول سیکرٹریٹ کے ملازمین بشمول انتظامی سیکرٹریوں، پولیس فورس کے جوانوں اور افسروں نے اپنے آپ کو ای وی ایم کے استعمال اور چناؤ عمل سے جڑی دیگر ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا۔ماہرین نے اس موقعہ پر ای وی ایمز اور وی وی پی اے ٹی کی خصوصیات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور چناؤ عمل میں استعمال ہونے والی ان مشینوں کے حوالے سے شرکاء کے شک و شبہات کو دور کیا۔ ملازمین نے پروگرام میں دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان مشینوں کے کام کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چیف الیکٹورل افسر شلیندر کمار نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ چناؤ عمل میں ووٹروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے اور انہیں الیکشن کمیشن کے نئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سی ای او کے دفتر نے پورے سال تک چلنے والی بیداری مہم شروع کی ہے جس کے تحت لوگوں کو چناؤ اندراجات، نئے اہل ووٹروں کو درج کرنے، فوت ہوئے ووٹروں کا اخراج بنانا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کی ذرائع ابلاغ کے مختلف ذرائع سے وسیع تشہیر کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹر آن لائین پورٹل www.nvsp.in. پر اپنے اندراج کو یقینی بناسکتے ہیں اور لازمی جانکاری کے لئے ہیلپ لائین 1950 پر بھی رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔سی ای او نے مزید کہا کہ الیکشن محکمہ اپنے قصبوں سے دُور الیکشن ڈیوٹی پر تعینات سرکاری ملازمین کے لئے آئندہ انتخابات میں ای ٹی وی ایس کا بھی انتظام کرے گی تا کہ وہ اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ بڑھ چڑھ کر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کر کے دیگر لوگوں کی شرکت کو بھی یقینی بنائیں تا کہ جمہوری نظام کو مستحکم کیا جاسکے۔کمشنر سیکرٹری مال عنائت اللہ، کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی( آر اینڈ بی، پی ایچ ای اینڈ اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول) خورشید احمد شاہ، ڈویثرنل کمشنر جموں سنجیو کمار ورما، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ہلال احمد پرے، سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل، سیکرٹری فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرس ڈاکٹر عبدالرشید، سیکرٹری کواپریٹو عبدالمجید ، ڈائریکٹر خاطر تواضع طارق احمد زرگر اور ناظم اطلاعات گلزار احمد ڈار بھی میٹنگ میں موجود تھے۔