سوپور//سوپور پولیس نے لٹیروں کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔ سوپور پولیس کو محمد اشرف لون ولد نور محمد لون ساکناو ہیلینڈ کالونی سوپور نے پولیس اسٹیشن سوپور میںایک تحریری شکایت درج کرائی کہ کچھ دن پہلے ماسک پہنے کچھ نامعلوم افراد اس کے کلینک میں داخل ہوئے اور دھمکی دی کہ اس کے خلاف عسکری تنظیم لشکر اورجیش محمد کے ذریعہ ہٹ وارنٹ جاری کیا گیا ہے کہ اگر وہ 5 لاکھ روپے ادا نہیں کرتا، تو اسے ختم کردیا جائے گا۔جنگجو تنظیم جیش محمد کے لیٹرپیڈ پر لکھی گئی ہٹ وارنٹ شکایت کنندہ کے حوالے کیا گیا تھا جس میں اُسے سرگرمیاں انجام دینے کے لئے مالی امداد فراہم کرکے عسکری تنظیموں کی مدد کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ پولیس نے یہ اطلاع ملنے پر ایف آئی آر نمبر 93/2021 کو متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن سوپور میں اندراج کیا۔ اس کے مطابق جرم میں ملوث مجرموں کی شناخت اور ان کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ تفتیش کے دوران ، سوپور پولیس نے ہر طرح کی کوششوں کے بعدجر م میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت ہلال احمد پٹو ولد عبد خالق پٹو ، تحلیل نثار آہنگر ولد نثار احمد آہنگر ، عمران عزیز گلکر ولد عبد عزیز گلکر اور مدثر حسن گنائی ولد غلام حسن گنائی کے نام سے ہوئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ ہلال احمد پٹو ایک سرنڈر جنگجو ہے اور اسے ماضی میں بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے قبضے سے لیٹر پیڈ اور پرنٹر سمیت قابل اعتراض مواد بھی برآمد کرلیا گیا اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔علاقے کے لوگوںنے انہیں گرفتار کرنے پر پولیس کو سراہا اور ایک دم سکون کا سانس لیا۔