سرینگر//سرینگر لیہہ شاہراہ کی مرمت کے باعث جمعہ کو اس شاہراہ پرگاڑیوں کی نقل و حمل بند رہی۔ کے این ایس کے مطابق ٹریفک پولیس کے اعلیٰ عہدیدار کاکہنا ہے کہ سرینگر لیہہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے ہفتہ میں ایک دن شاہراہ کی مرمت کی جاتی ہے تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوںنے کہاکہ جمعہ کو سرینگر لیہہ شاہراہ کی مرمت کی گئی جس کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت کو بند کرنا پڑتا ہے۔ اس دوران سرینگر جموں شاہراہ پر ہلکی گاڑیوں کی آواجاہی جاری رہی تاہم ادھمپوراور چنینی میں درماندہ بھاری گاڑیوںکو سرینگر کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس دوران 86کلومیٹر لمبی مغل روڑ اور اننت ناگ۔کشتواڑ سڑک ٹریفک کیلئے کھلی تھی۔ محکمہ ٹریفک کے عہدیدار کاکہنا ہے کہ زوجیلا پر شاہراہ کی مرمت کے سبب وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میںسونہ مرگ سے کرگل کی طرف کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی ْ۔یوٹی لداخ اور کشمیر انتظامیہ نے ہر جمعہ کو شاہراہ کی مرمت کرنے کی وجہ سے تمام قسم کی گاڑیوں کی نقل و حرکت معطل کردی ہے۔ دریں اثناء شوپیاں اور راجوری کو جوڑنے والی مغل شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی تاہم مسافر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت معطل رہی جبکہ میوہ اورسبزیوں سے لدی ٹرکوں، خالی ٹرکوں اور آئیل ٹینکروں کو ہیرپورہ شوپیاں سے صبح9بجے سے 2بجے تک پونچھ کی طرف جانے کی اجازت دی گئی البتہ کسی بھی گاڑی کو مقررہ وقت سے پہلے یا بعد میں آگے جانے نہیں دیاگیاالبتہ مریضوں اور طبی ایمرجنسی کی گاڑیوں کو اننت ناگ سنتھن روڑ سے جانے کی اجازت دی گئی۔