عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کے کائونٹر انٹیلی جنس ونگ(CIK )نے ہفتہ کو ملی ٹینسی سے منسلک ایک کیس میں تلاشی لیتے ہوئے سرینگر سینٹرل جیل کے اندر مختلف ڈیجیٹل مواصلاتی آلات اور مجرمانہ مواد برآمد کیا۔یہ مقدمہ سابقہ انڈین پینل کوڈ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سنٹرل جیل کے احاطے میں مشکوک ڈیجیٹل آلات کی موجودگی کی نشاندہی کرنے والے معتبر اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، جیل حکام کے ساتھ قریبی تال میل میں متعدد بلاکس اور بیرکوں میں تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ کانٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) اہلکاروں نے آپریشن کے دوران مختلف ڈیجیٹل مواصلاتی آلات اور مجرمانہ مواد ضبط کیا۔حکام نے بتایا کہ برآمد شدہ آلات کو ممکنہ روابط کا پتہ لگانے کے لیے فارنزک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا۔جموں و کشمیر پولیس کا خصوصی ونگ سیکورٹی کی واضح خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہا ہے جس نے ہائی سیکورٹی جیل میں ایسے آلات کے داخلے کو قابل بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ میں ملوث سہولت کاروں اور معاونین کے کردار کی چھان بین کی جائے گی اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔