یواین آئی
کنگسٹن/کپتان کُسل مینڈس 72 اور پاتھم نسانکا 79 کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد دشمنتھا چمیرا (چار وکٹ) کی قیادت میں گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 41 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ کسل مینڈس کو ان کی شاندار بلے بازی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔304 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے بلے باز سری لنکن باؤلنگ اٹیک کا مقابلہ نہ کر سکے اور ٹیم 49.2 اوورز میں 262 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کے لئے جان کیمبل اور جسٹن گریبس کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لئے 50 رنز جوڑکر شاندار آغاز فراہم کیا۔ ساتویں اوور میں جان کیمبل 17 کے رن آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی اننگ لڑکھڑائی اور اس نے اپنا دوسرا وکٹ بھی جلد ہی گنوادیا۔ 10ویں اوور میں مہیش تھیکشنا نے نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے جسٹن گریبس 45 کو بولڈ کردیا۔
اس کے بعد کپتان شائی ہوپ نے کیسی کارٹی کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اسیتھا فرنینڈو نے 21ویں اوور کی آخری گیند پر کیسی کارٹی 27 کو اپنا شکار بنالیا۔شیرفین ردرفورڈ 5 رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔ 31ویں اوور میں دشمنتھا چمیرا نے اپنی نصف سنچری مکمل کرچکے شائی ہوپ کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ شائی ہوپ نے 66 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے ۔ اس کے بعد 40ویں اوور میں مہیش تھیکشنا نے گڈاکیش موتی 22کو آؤٹ کیا۔ روسٹن چیس 33، الزاری جوزف 0 اور میتھیو فورڈ 15رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔ 50ویں اوور کی دوسری گیند پر چرتھ اسالنکا نے جیڈن سیلز 2 کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی اننگز 262 پر ختم کر دی۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مہیش تھیکشنا کو دو وکٹ ملے ۔ اسیتھا فرنینڈو، وینندو ہسرنگا اور چارتھ اسالنکا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بدھ کی رات گئے کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 303 رنز بنائے ۔ اوپنر پاتھم نسانکا نے 103 گیندوں میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 79 رنز بنائے ۔ کپتان کسل مینڈس نے 62 گیندوں میں چار چوکے اور چار چھکے لگا کر 72 رنوں کی اننگ کھیلی۔ چارتھ اسالنکا 45، جنیت لیاناگے (44 ناٹ آؤٹ)، پون رتنائیکے 24، اور کامندو مینڈس 12نے رنوں کا تعاون دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز، میتھیو فورڈ اور روسٹن چیس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔