جموں//چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے مختلف محکموں میں رشوت ستانی کی روکتھام کیلئے کئے جا رہے اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ طلب کی ۔ فائنانشل کمشنر خزانہ نے میٹنگ میں محکمہ خزانہ کی جانب سے مالی بدعنوانیوں کی روکتھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی تا کہ رشوت ستانی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کیلئے یہ لازمی ہے کہ وہ پروجیکٹوں اور کاموں کی عمل آوری کیلئے ای ٹینڈرنگ کو یقینی بنائیں اور جی ای ایم کے ذریعے ہی خریداری کریں اور بلز جے کے پے منٹ سسٹم پورٹل پر ہی جنریٹ کریں ۔ رقومات کی ادائیگی آدھار پر مبنی ڈی بی ٹی کے ذریعے ہی کریں اس کے علاوہ تعمیر کئے گئے اثاثوں کی تصاویر سمیت جیو ٹیگنگ یقینی بنائیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ کسی بھی کام کیلئے انتظامی اور تکنیکی منظوری کے بغیر ادائیگی کیلئے رقم واگذار نہیں کی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ خزانہ اس ضمن میں چند نئی ہدایات کا مجموعہ بھی جاری کر رہا ہے ۔چیف سیکرٹری نے چند محکموںکا بھی ذکر کیا یہاں رشوت ستانی کے امکانات نسبتاً زیادہ ہیں ۔ انہوں نے محکموں کو شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے اور بہترین طریقہ کار اختیار کر کے انتظامی نظام کو رشوت سے پاک کرنے کیلئے منظم اصلاحات کرنے کیلئے کہا ۔ چیف سیکرٹری نے سیکریٹریز کو اُن کے متعلقہ محکموں میں رشوت ستانی پرروک لگانے کیلئے اقدامات کے بارے میں مشورہ طلب کیا ۔ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے کی جانب حکومت کے زیرو ٹالرنس عزم کا اعادہ کیا اور افسروں کو اس ضمن میں موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ۔