عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//جرائم کے خلاف سخت کارروائی اور طویل عرصے سے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے جاری خصوصی مہم کے تحت پولیس اسٹیشن سرنکوٹ نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مختلف فوجداری مقدمات میں مطلوب چھ مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام ملزمان گزشتہ کئی برسوں سے قانون کی گرفت سے باہر تھے اور گرفتاری سے بچنے کے لئے مسلسل روپوش رہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ان گرفتاریوں کو ممکن بنانے کے لئے مسلسل نگرانی، ملزمان کی نقل و حرکت کی باریک بینی سے جانچ اور پولیس کی خصوصی ٹیموں کے باہمی تال میل سے کام لیا گیا۔ مخصوص خفیہ اطلاعات اور زیر التوا وارنٹس پر عمل درآمد کے لئے کوششوں میں تیزی لاتے ہوئے پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں انجام دیں، جس کے نتیجے میں تمام چھ مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے واضح کیا کہ گرفتار شدہ افراد سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث رہے ہیں اور طویل عرصے سے عدالتوں کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عارف ولد فیروز دین سکنہ فضل آباد، ذاکر حسین ولد برکت حسین سکنہ مڑھ، محمد اسلم ولد غلام حسین سکنہ سنگلیانی، برجْو ولد فیض اکبر سکنہ چندی مڑھ، محمد افضل ولد محمد رفیق سکنہ سیلاں اور نذیر احمد ولد محمد رفیق سکنہ سیلاںکے طور پر کی گئی ہے، جو مختلف ایف آئی آرز کے تحت مطلوب تھے۔پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور انہیں قانونی کارروائی کے لئے مجاز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ضلع پولیس پونچھ نے اپنے بیان میں جرائم کے تئیں زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے کہا کہ مفرور ملزمان کو چاہے کتنا ہی وقت کیوں نہ گزر جائے، قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مفرور یا جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قابل اعتماد معلومات فراہم کریں، یقین دہانی کراتے ہوئے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔