سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ کو میونسپل کمیٹی کا درجہ تو حاصل ہے لیکن اس قصبہ کی صفائی ستھرائی کا خواب پور انہیں ہوسکاہے اور جگہ جگہ گندگی سے ہر سو عفونت پھیلی ہوئی ہے ۔خاص طو رپر اقبال نگراسٹور گلی مرکزی جامع مسجد اور دیگر جگہوں پر گندگی کے ڈھیر جمع رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان راستوں سے لوگوں کا گزرنا مشکل بن گیاہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ میونسپل کونسل کے ہونے کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ملا کیونکہ علاقے میں صفائی ستھرائی کاکوئی نظم نہیں ۔انہوں نے کہاکہ کئی دنوں کے بعد صفائی کرلی جاتی ہے جس سے کام بننے والانہیں اور میونسپل کمیٹی کے صفائی کرمچاری بہت کم ہی کام پر نظر آتے ہیں ۔کچھ لوگوں کاکہناہے کہ وہ جیب سے پیسے دے کر صفائی کرواتے ہیں ۔ایک نوجوان طاہر مرزا نے کہاکہ سرنکوٹ قصبہ میں ہر طرف گندگی سے عفونت ہی عفونت ہے اور صفائی کرمچاری ذمہ داری سے فرائض انجام نہیں دے رہے۔انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور روزانہ کی بنیاد پر گندگی اٹھاکر اسے ٹھکانے لگایاجائے ۔کچھ لوگوں نے یہ شکایت بھی ہے کہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے صفائی جمع کرکے اسے کھلے عام آگ لگادی جاتی ہے جس سے ماحول پر برااثرپڑرہاہے ۔