عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//17سال پرانے بدعنوانی کے معاملے پر انسداد بدعنوانی عدالت پلوامہ نے سابق گرداکو رشوت کی رقم کا مطالبہ کرنے اور قبول کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے ساڑھے3 سال قید کی سزا اور20ہزارروپے جرمانہ عائد کیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے مزید تین ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔جون 2008میںپوترو شوپیاں کے محمد یوسف میر کی درج کرائی گئی ایک شکایت میں ہے، جس نے الزام لگایا تھا کہ تاریگام دیوبگ گاؤں کے غلام حسن کمار جوکہ اس وقت کیگام سرکل میں گرداور کے طور پر تعینات تھا، اس کی زمین کی حد بندی کے لیے رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔ میر نے ویجیلنس آرگنائزیشن کشمیر سے رابطہ کیا، جسے اب اینٹی کرپشن بیورو کے نام سے جانا جاتا ہے۔کمار کو شوپیاں کے سندھو شرمال میں ایک پٹواری کے دفتر کے اندر نشان زدہ کرنسی نوٹوں میں 2 ہزار روپے وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔یہ مقدمہ ایک طویل ٹرائل کے عمل سے گزرا جس کے دوران استغاثہ کے12 گواہان بشمول شکایت کنندہ، آزاد عہدیدار، ٹریپ ٹیم کے ارکان اور سائنسی ماہرین نے عدالت کے سامنے گواہی دی۔ ضبط شدہ نمونوں کی فرانسک جانچ نے استغاثہ کے ورژن کی مزید تصدیق کی۔ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور شہادتوں کے بعد، عدالت نے اپنے فیصلے میں سابق ریونیو ملازم کو ساڑھے3 سال قید کی سزاسنائی اور20ہزارروپے جرمانہ عائد کیا۔