جموں// جموں و کشمیر کے سرحدی قصبہ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی سمرن بالا اس سال یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) سنٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والی یونین ٹیریٹری کی پہلی خاتون بن گئی ہے۔سمرن نے اس سال متعلقہ امتحان کے لیے کوالیفائی کرنے والے 151 امیدواروں میں سے آل انڈیا رینک 82 حاصل کیا ہے۔سمرن بالا کا کہنا ہے،”میں جموں و کشمیر کی واحد لڑکی ہوں جس نے اس سال متعلقہ امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ میں خود پر بہت فخر محسوس کر رہی ہوں۔ جموں اور کشمیر کے سرحدی علاقے سے ہونے کی وجہ سے، میں نے اپنے علاقے میں سرحد پار سے فائرنگ اور شیلنگ دیکھی ہے، جس نے مجھے سی اے پی ایف میں شامل ہونے کی ترغیب دی تاکہ میں سرحدی علاقے میں بھی خدمات انجام دے سکوں‘‘۔سمرن نے مزید کہا،”میرا خواب پورا ہو گیا ہے۔ مجھے سینٹرل آرمڈ پولیس فورس میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ میں اپنی ذمہ داری پوری جانفشانی سے ادا کروں گی۔ میرے خاندان اور میرے پڑوسیوں کو میری کامیابی پر فخر ہے‘‘۔اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے سمرن بالا نے کہا، ”میں نے نوشہرہ میں 10ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی جس کے بعد میں اپنی اعلیٰ ثانوی تعلیم کے لیے جموں چلی گئی۔ پھر میں نے گاندھی نگر کالج سے گریجویشن مکمل کی۔ میں اپنے آخری سمسٹر میں تھی جب میں نے اس امتحان کی تیاری شروع کی اور پہلی کوشش میں ہی اس میں کامیابی حاصل کر لی”۔اُنہوں نے کہا،”میرے والدین، اساتذہ اور بہت سے لوگوں نے میرا ساتھ دیا۔ سخت محنت، استقامت اور مستقل مزاجی نے مجھے اس امتحان کی طرف رجوع کرنے میں مدد کی”۔اپنی منفرد کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سمرن نے کہا، “یہ ایک آل انڈیا لیول کا امتحان ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ سرحدی علاقے سے ہیں یا کسی میٹروپولیٹن شہر سے ہیں آپ انٹرنیٹ کے دور کی بدولت امتحان میں کامیاب ہو جائیں گے”۔ ایسے امتحان کے دیگر امیدواروں کیلئے ایک پیغام میں سمرن نے کہا، ”اگر آپ کے اندر جذبہ ہے، تو آپ کامیابی حاصل کر سکیں گے۔ آپ کو سخت محنت، ایماندارانہ انداز اور اچھی صحت کی ضرورت ہے”۔ بتادیں کہ یونین پبلک سروس کمیشن نے 2 جون کو سی اے پی ایف فائنل نتیجہ 2021 کا اعلان کیا تھا۔ کل 151 امیدواروں نے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔