یو این آئی
جموں// جموں کی ایک نچلی عدالت نے پولیس سب انسپکٹر امتحانات کے پرچے فروخت کرنے کے معاملے میں گرفتار سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کی ضمانتی عرضی مسترد کی۔یاد رہے کہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل نے 33 لاکھ روپیہ میں ایس آئی امتحان کے پرچے فروخت کئے تھے۔ایس آئی امتحانات گھوٹالے میں گرفتار سلیکشن گریڈ کانسٹیبل رمن شرما نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ امر جیت سنگھ کی عدالت میں ضمانتی عرضی دائر کی تھی۔سی بی آئی وکیل نے عرضی پراعتراضات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ چونکہ سلیکشن گریڈ کانسٹیبل گھوٹالے کا مرکزی ملزم ہے ،لہٰذا اْ سے ضمانت دینے سے اس کیس پر اثر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے دلائل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ملزم نے 33لاکھ روپیہ میں پرچے فروخت کئے تھے۔سی بی آئی وکیل کے مطابق سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کے گھر کی تلاشی کے دوران ایجنسی کو اہم ثبوت ملے ہیں جس میں کچھ دستاویزات اور اْمیدواروں کے نام اور پتے شامل ہیں۔اْن کے مطابق کس اْمیدوارکو پرچے فروخت کرنے ہیں سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کے گھر پر وہ دستاویزات بھی برآمد ہوئے لہٰذا ملزم کو اگر ضمانت دی جاتی ہے تو وہ ثبوت مٹانے کی کوشش کرسکتا ہے۔چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے سی بی آئی وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کی ضمانتی عرضی مسترد کی۔سی بی آئی نے ابھی تک8 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی اور باور کیا جارہا ہے کہ سروسز سلیکشن بورڈ میں تعینات سابق ملازمین کو بھی حراست میں لیا جا سکتا ہے۔