عظمیٰ نیوزسروس
جموں// سانبہ پولیس نےایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے قبضے سے تقریباً 6.28گرام ہیروئن نما مادہ (چٹا) اور 5,100 روپے نقد برآمد کیے گئے۔پولیس سٹیشن وجے پور کی ایک ٹیم معمول کی گشت کے دوران رہیا موڑ کے قریب ناکہ بندی پر موجود تھی۔ اسی دوران رانجری کی جانب سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والے ایک تین پہیہ آٹو لوڈ کیریئر، جس کا رجسٹریشن نمبر JK02BT-2942 تھا، کو روک کر تلاشی لی گئی۔تلاشی کے دوران پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کے قبضے سے تقریباً 6.28 گرام ہیروئن نما مادہ (چٹا) اور 5,100 روپے نقد برآمد کیے۔گرفتار ملزم کی شناخت رویندر کمار ولد گھارو رام، ساکن سہاواڑا، ضلع جموں کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات، نقد رقم اور جرم میں استعمال ہونے والے آٹو لوڈ کیریئر کو ضبط کر لیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن وجے پور میں ایف آئی آر نمبر 111/2026 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21/22/25 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔اس دوران ریاسی پولیس نے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3.6 گرام ہیروئن (چٹا) برآمد کر لی ہے۔پولیس کے مطابق یکم جولائی 2026 کو پولیس اسٹیشن کٹرا کی ایک ٹیم بلنی ناکہ، کٹرا پر ناکہ چیکنگ کے دوران معمول کی تلاشی کے لیے رجسٹریشن نمبر JK14L-0421 والے ایک تین پہیہ آٹو کو روکا۔ڈرائیور نے اپنی شناخت دنیش کمار ولد پرما نندا، ساکن ڈیرہ بابا، تحصیل و ضلع ریاسی کے طور پر ظاہر کی۔
تلاشی کے دوران پولیس نے اس کے قبضے سے 3.6 گرام ہیروئن (چٹا) برآمد کی۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایف آئی آر نمبر 217/2026 این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21/22/25 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ برآمد شدہ منشیات کو قانونی ضابطے کے مطابق ضبط کر لیا گیا ہے۔ادھرریاسی پولیس نے کٹرا میں منشیات استعمال کرنے والے دو افراد کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔پہلے واقعے میں پولیس اسٹیشن کٹرا کی ایک ٹیم معمول کی گشت کے دوران بھومیکا مندر کے قریب ایک مشتبہ شخص کو روک کر پوچھ گچھ کی۔ اس نے اپنی شناخت جتن ولد سرجیت سنگھ، ساکن پاپولی، پانی پت (ہریانہ)، حال مقیم ریلوے روڈ، کٹرا کے طور پر ظاہر کی۔اگرچہ اس کی ذاتی تلاشی کے دوران کوئی ممنوعہ شے برآمد نہیں ہوئی، تاہم اسے طبی معائنے کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹرکٹرا منتقل کیا گیا، جہاں ریپڈ ملٹی ڈرگ یورین ٹیسٹ میں اس کے منشیات استعمال کرنے کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایف آئی آر نمبر 214/2026این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/27کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔ایک دوسرے واقعے میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی گشت کے دوران ریلوے روڈ کٹرا میں ایک اور شخص کو مشتبہ حالت میں دیکھا، جس کی چال غیر متوازن تھی، وہ غنودگی کا شکار تھا اور اس کی آنکھیں سرخ اور سوجی ہوئی تھیں۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنی شناخت شبھم شرما ولد یشپال، ساکن سیارلی، کٹرا کے طور پر بتائی۔اسے بھی طبی معائنے کے لیے سی ایچ سی کٹرا لے جایا گیا، جہاں ریپڈ ملٹی ڈرگ یورین ٹیسٹ میں ٹی ایچ سی کی موجودگی پائی گئی، جس سے منشیات کے استعمال کی تصدیق ہوئی۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایف آئی آر نمبر 215/2026این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/27کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔