عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کے سینکڑوں سرکاری ملازمین جو پچھلے2برسوں میں ریٹائر ہوئے ہیں وہ اپنی گریجویٹی اور جنرل پروویڈنٹ فنڈ کی ادائیگیوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں تحریری جواب میں، جموں و کشمیر حکومت نے تصدیق کی ہے کہ’’گزشتہ دو سالوں کے دوران سینکڑوں ملازمین ملازمت سے فارغ ہوچکے ہیں اور ان کی گریجویٹی، جی پی ایف اور دیگر دعوے ابھی بھی تقسیم کے لیے زیر التوا ہیں‘‘۔ حکومت کا کہنا تھا ’’31جنوری 2026 تک زیر التوا گریجویٹی اور جی پی فنڈ دعوئوںکی کل جمع شدہ رقم بالترتیب 1,635کروڑ اور 3,471کروڑ ہے جو کل 5,106کروڑ سے زیادہ ہے‘‘۔ حکومت نے کہا ’’گریچوٹی اور جی پی ایف سے متعلق بلوں کو وقتا ًفوقتاً، وسائل کی دستیابی کے مطابق کلیئر کیا جا رہا ہے لیکن پورے بیک لاگ کو صاف کرنے کے لیے ایک مخصوص ٹائم لائن فراہم کرنے سے رک گئی۔جب یہ سوال کیا گیا کہ بقایا ذمہ داری کب طے کی جائے گی، حکام نے جواب دیاکہ’’ملازمین کے گریچوٹی اور جی پی ایف سے متعلق بلوں کی منظوری حکومت کی مجموعی لیکویڈیٹی پوزیشن پر منحصر ہے‘‘ ۔گریچوٹی اور جی پی ایف کی ادائیگی قانونی طور پر لازمی فوائد ہیں جن کا مقصد کئی دہائیوں کی عوامی خدمت کے بعد ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔