عظمیٰ نیوز سروس
جموں//گھر گھر مہم کے جاری پروگرام کے تحت جموں و کشمیر بی جے پی صدر رویندر رینہ، سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا، جموں جنوبی ضلع پربھاری ایودھیا گپتا، ضلع صدر ریکھا مہاجن، منڈل صدر لکی پوری نے تریکوٹہ نگر علاقے میں یہ مشق کی۔ انہوں نے کئی گھروں کا دورہ کیا اور لوگوں سے بات چیت کی۔
رینہ اور دیگر نے پمفلٹ بھی تقسیم کیے جن میں پی ایم نریندر مودی حکومت کی گزشتہ نو سال میں کامیابیوں کی وضاحت کی گئی تھی۔ اس کا اہتمام تریکوٹہ نگر منڈل کے صدر لکی پوری نے کیا تھا۔رویندر رینہ نے ان علاقوں میں بزرگ شہریوں، گھریلو خواتین، طالب علموں، دکانداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کرسی پر 9 سال مکمل کر لیے ہیں اور یہ دور تمام معاملات میں شاندار رہا ہے۔ مودی حکومت کی کامیابیوں کی فہرست بہت طویل ہے کیونکہ ان نو سالوں کے دوران ترقی کے بے شمار بڑے منصوبے شروع کیے گئے اور ملک میں غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے ان گنت فلاحی اسکیمیں بھی شروع کی گئیں۔
انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ مودی حکومت کی کامیابیوں کو دیکھیں اور دوسروں کو بھی اس بارے میں آگاہ کریں کہ بغیر کسی امتیاز کے کیا کیا گیا ہے۔کویندر گپتا نے لوگوں سے کہا کہ وہ کانگریس اور دیگر علاقائی پارٹیوں کے جھوٹے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور بی جے پی کو مضبوط کریں کیونکہ یہ واحد پارٹی ہے جو منصفانہ طریقے سے سب کا خیال رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے نو سالہ دور حکومت نے ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے باب لکھے ہیں جس سے اپوزیشن پارٹیاں بے آواز ہو گئی ہیں۔