رہبر کھیل اساتذہ کا احتجاجی دھرنا جاری
جموں// رہبر کھیل اساتذہ کااپنی مانگوں کو لیکر جموں میں پرامن احتجاج جاری ہے۔ جموں و کشمیر رہبر کھیل اساتذہ یونین کے صدر دلراج سلاریہ نے کہا کہ بہت کم تنخواہ نے انہیں خاص طور پر ڈپریشن کی حالت میں دھکیل دیا ہے جو شادی شدہ ہیں اور انہیں کسی خاندان کی کفالت کرنا ہے۔انکاکہناتھا کہ انکے اہل خانہ فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں، ہم اپنے اہل خانہ کو 4000 روپے کی معمولی تنخواہ سے کس طرح کھانا کھلا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ گورنمنٹ انہیںرہبر تعلیم، رہبر جنگلات،رہبر زراعت ملازمین کی طرز پرسات سال کا پروبیشن پیریڈ پانچ سال کرے اور تنخواہوں میں تفاوت دور کرے۔انہوںنے کہا کہ جب تک ہماری مانگوں کو پورا نہیں کیا جائے گا تب تک احتجاج جاری رہے گا ۔
کشمیری پنڈت ملازمین کا ریلیف کمشنر دفتر کے باہر دھر نا
جموں// جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں کشمیری پنڈت ملازمین نے ریلیف کمشنر دفتر کے باہر اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی مظاہری برستی بارش میں بھی جاری رکھے۔مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ اْنہیں جموں ٹرانسفر کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق جمعے کے روز کشمیری پنڈت ملازمین نے جموں میں ریلیف کمشنر دفتر کے باہر دھرناجاری رکھاور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے کہاکہ آن لائن دھمکی کے بعد وہ اب کشمیر جانے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ کو کشمیر میں تعینات ہندو ملازمین کو جموں ٹرانسفر کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا : ’پچھلے چھ ماہ سے وہ مسلسل احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن سرکار کی جانب سے ان کی مانگوں کو پورا نہیں کیا جارہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کافی دیر تک دھرنے کے بعد بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا دفتر سے باہر آئے اور احتجاجی ملازمین سے ملاقی ہوئے۔انہوں نے اس موقع پر ملازمین کو یقین دلایا کہ اْن کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی سعی کی جائے گی۔
جل شکتی ڈیلی ڈیجروں کا مستقلی کے مطالبہ کو لیکر احتجاج جاری
جموں//جمو ں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں جمعہ کے روز جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور سرکارسے مطالبہ کیا کہ اْن کی نوکریوں کو جلدازجلد مستقل کیا جائے۔اطلاعات کے مطابق بی سی روڑ جموں دفتر میںڈیلی ویجروں کی ایک بڑی تعداد نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہاکہ پچھلے 138 دنوں سے وہ مسلسل احتجاج پر بیٹھے ہوئے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اْن کی مانگوں کو پورا کرنے میں لیت ولعل کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکار نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔اْن کے مطابق وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی اور تن دہی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جل شکتی میں پچھلے بیس برسوں سے ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل نہیں کی گئیں جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔مظاہرین نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اْن کی نوکریوں کو جلدازجلد مستقل کیا جائے تاکہ ڈیلی ویجروں کی دیرینہ مانگ پوری ہو سکے۔