بنگلورو//(یو این آئی) ہندوستان ہفتہ کو کپتان روہت شرما کے 400ویں بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کے خلاف کلین سویپ کے لئے اترے گا۔ بنگلورو میں اس پنک بال ٹیسٹ میں روہت بڑا ریکارڈ بنائیں گے ۔ روہت کا یہ ہندوستان کے لیے 400 واں بین الاقوامی کرکٹ میچ ہوگا۔ روہت اسی کے ساتھ ویراٹ کوہلی، مہندر سنگھ دھونی، سچن تندولکر اور پانچ دیگرہندوستانیوں کے ایلیٹ کلب میں شامل ہوں گے ، جنہوں نے ملک کے لیے 400 یا اس سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ہندوستانی کپتان اس فہرست میں شامل ہونے والے نویں ہندوستانی بن جائیں گے ۔ 2007 میں اپنا ڈیبیو کرنے والے روہت نے ہندوستان کے لیے اب تک 44 ٹیسٹ، 230 ون ڈے اور 125 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔ یہ ان کا 45 واں ٹیسٹ اور 400 واں بین الاقوامی میچ ہوگا۔ ہندوستان نے ان کی کپتانی میں موہالی میں آخری ٹیسٹ اننگ اور 222 رنز سے جیتا تھا۔ موہالی ٹیسٹ ویراٹ کوہلی کا 100 واں ٹیسٹ بھی تھا۔ بنگلور ٹیسٹ کے لیے صد فیصدشائقین کو داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ بنگلورو جون 2018 کے بعد پہلی بار کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔جنوری 2020 میں آخری باراس میدان پر بین الاقوامی میچ کھیلاگیاتھا جب آسٹریلیا نے ایک چھوٹی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ روہت شرما کی سنچری نے بھارت کو سیریز جیتنے میں مدد دی تھی۔مجموعی طور پر، یہ گھر پر ہندوستان کا تیسرا گلابی گیند کا ٹیسٹ میچ ہوگا۔ نومبر 2019 میں، ہندوستان نے کولکاتہ میں بنگلہ دیش کے خلاف اور فروری 2021 میں احمد آباد میں انگلینڈ کے خلاف گلابی گیند کا ٹیسٹ میچ کھیلا ہے ۔