راجوری//راجوری میں کانگریس پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کانگریس ضلع صدر سائیں عبدالرشید نے کی ۔کارکنان نے راہل گاندھی کے بحیثیت کانگریس صدر انتخاب پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور اسے کانگریس پارٹی کیلئے مفید قرارد یا۔اپنے خطاب میں سائیں رشید نے کہاکہ کانگریس کی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ ہے جس میں راہل گاندھی کو پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان اوربے باک لیڈر کی قیادت میں پارٹی مزید ترقی کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہے اور لوگ اپنے غلط فیصلہ پر مایوس ہیں جس کا نتیجہ گجرات اسمبلی انتخابات میں سامنے آنے والا ہے ۔ سائیں عبدالرشید نے کہا کہ بھاجپا نے عوام کے جذبات کی قدر نہیں کی جس کی وجہ سے پورے ملک میں اس کے خلاف عوامی ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی لاگو کرکے عوام کا جینا مشکل کردیاگیاہے اورنوٹ بندی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔ ان کاکہناتھا کہ ریاست جموں کشمیر میں بھی مخلوط سرکار کا وہی حال ہے جو اس وقت پورے ملک میں بھاجپا کی زیرقیادت حکومت کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی حسین موقعہ ہے جب راہل گاندھی کو کانگریس کی قیادت سونپی گئی ہے ۔ اس موقعہ پر ایڈووکیٹ زاہد سرفراز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہاکہ پارٹی کی قیادت ایک نوجوان کے ہاتھ میں آنے سے ملک بھر میں کانگریس مضبوط ہوگی ۔اجلاس میںایڈووکیٹ ظہیر عباس ، اقبال شال ،رخسار بٹ وغیرہ بھی موجود تھے ۔
راہل گاندھی کے انتخاب کا خیر مقدم
مینڈھر//کانگریس کی ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے راہل گاندھی کو پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس انتخاب سے ملک میں پارٹی مزید مضبو ط ہوگی ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہا کہ اب ملک میں کانگریس کی لہر چل پڑی ہے اور لوگ کھوکھلے وعدوں سے تنگ آ کر حقیقت کی جانب چل پڑے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ کانگریس قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر میں پارٹی دن بدن مضبوط ہوتی جا رہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ وہ راہل گاندھی کو کانگریس صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتی ہیں ان کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔پروین نے کہا کہ وہ غلام نبی آزاد اور کانگریس کے ریاستی صدر جی ایم میر کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہیں جنہوںنے محنت اور مشقت سے ریاست میں کانگریس پارٹی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کاکہناتھاکہ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ کانگریس کے لیڈران ایک بار پھر مرکز اور ریاست میں کانگریس کا جھنڈا لہرائیں ۔انہوںنے کہا کہ مرکز اور ریاست میں حکومت ہر محاظ پر ناکام ثابت ہوئی ہیں اور لوگ ان حکومتوںسے متنفر ہوچکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پہلے نوٹ بندی اور پھر ملک میں جی ایس ٹی لگا کر لوگوں کی روزی روٹی پر ڈاکہ ڈالااور غریب عوام در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا۔انہوںنے کہاکہ ریاست میں تمام بڑے پروجیکٹ ٹھپ پڑے ہیں اور بھاجپا و پی ڈی پی لیڈران ان پروجیکٹوں کے ربن کاٹنے میں مشغول ہیں جو کانگریس کی دین ہیں۔