سناتھن دھرم سبھا و ٹریڈرس ایسوسی ایشن کی کال پر کشتواڑ مکمل بند
بجرنگ دل اور ویشو ہندو پریشد کا احتجاج ،مسلم طبقے نے بھی تجارتی مراکز بندکئے
عاصف بٹ
کشتواڑ// راجوری کے ڈانگری میں اسلحہ برداروں کے ہاتھو ں6لوگوں کی ہلاکت کیخلاف سناتھن دھرم سبھا و ٹریڈرس ایسوسی ایشن کشتواڑ کی جانب سے دی گئی بندکال کا مکمل اثر دیکھنے کو ملاجس دوران قصبہ و ضلع کے دیگر مقامات پر مکمل بند رکھا گیا۔قصبہ و اسکے گردنواح کے علاقہ جات میں مسلم طبقے سے وابستہ لوگوں نے بھی تجارتی مراکز بندرکھے۔سناتھن دھرم سبھا و ٹریڈ س ایسوسی ایشن کی کال پرپاڈر ، چھاترو، مغل میدان ، پارنہ ،درابشالہ ، دچھن و دیگر مقامات پر بھی تمام ترتجارتی مراکز بند رہے تاہم ٹرانسپورٹ چلتارہا۔سناتھن دھرم سبھا کے صدر سریندر سین نے اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے ہلاک ہوئے افراد کیلئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی ۔انہوںنے کہا کہ راجوری میں انسانیت کا قتل ہوا ہے اور انسانیت کے قاتل ابھی تک گرفت سے باہر ہیں لیکن جس طرح غلط کو غلط کہنے کیلئے ایک ساتھ ہوکر بلالحاظ مذہب و ملت سبھی نے اس واقعے کی مذمت کی ،وہ قابل ستائش ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ ویشو ہندو پریشد ،شوریٰ کمیٹی و سبھی کا بند کال کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیںجسکے بعد انھوں نے پورے قصبے میں پرامن مارچ کیا۔ویشو ہندو پریشدو بجرنگ دل کے سینکڑوں کارکنوںے کلید چوک میں جمع ہوکر احتجاج کیا اور پاکستان کے خلاف جم کرنعرے بازی کی۔ مسلم طبقے کے لوگوں نے بھی تجارتی مراکز بندرکھے اور اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مرکزی مجلس شوریٰ نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔چناب ویلی ٹریڈ رس ایسوسی ایشن کے صدر منصور متو نے بتایاکہ اسوقت کشتواڑ حساس علاقہ ہے اور ہم نے علاقے میں امن کیلئے کوششیں کرنی ہیں اور آج کی بند کال سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ضلع کے اندر امن و بھائی چارہ قائم ہے جس کی وجہ سے بندکال پرامن طور کامیاب رہی ۔اس دوران ضلع میں حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔جگہ جگہ پولیس و پیراملٹری کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیاتھا جبکہ ڈرون کیمروں سے بھی نظررکھی جارہی تھی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
راجوری ہلاکتوں کیخلاف ڈوڈہ ضلع میں مکمل ہڑتال
بھدرواہ، ٹھاٹھری، بھلیسہ و دیگر مقامات پر پر امن جلوس بھی نکالے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //راجوری سانحہ پر ڈوڈہ ضلع میں مکمل ہڑتال رہی جس دوران سبھی کاروباری ادارے بند رہے تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق چلتارہا۔ تفصیلات کے مطابق راجوری کے ڈانگری گاؤں میں ہوئی معصوم لوگوں کی ہلاکتوں پر سناتھن دھرم سبھا، مرکزی سیرت کمیٹی ،انجمن اسلامیہ ،بیوپار منڈل و دیگر مذہبی انجمنوں کی طرف سے دی گئی کال پر منگل کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے شہر و گام میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ متعدد مقامات پر احتجاجی جلوس بھی نکالے گئے۔اس دوران سبھی طبقہ و فرقہ کے لوگوں نے اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور سرکار سے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مخالف نعرہ بازی بھی کی اور سیکورٹی ایجنسیوں و ایل جی انتظامیہ کی کوتاہی پر بھی تنقید کی۔
کشتواڑ میں سیکورٹی سخت ،گاڑیوں وراہگیروں کی چیکنگ
عاصف بٹ
کشتواڑ//راجوری کے ڈانگری میں پیش آئے المناک واقعے کے بعد ضلع کشتواڑ میں سیکورٹی کو مزید سخت کردیاہے اور جگہ جگہ پولیس و پیراملٹری فورسز گاڑیوں کی چیکنگ کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سبھی ناکوں پر آنے و جانے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کی جارہی ہے وہیں پولیس و فوج نے دیرشام بس سٹینڈ میں ناکہ لگاکر ہر آنے والی گاڑی و راہگیروں کی چیکنگ کی جبکہ موبایل فون بھی چیک کئے گئے۔ سیکورٹی فورسز کافی محترک نظر آرہی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔