راجوری //ضلع ہسپتال راجوری میں ڈائلیسز یونٹ کا قیام آخری مرحلے میں ہے اور حکام اس وارڈ کو ایک ماہ کے اندر شروع کرنے جارہے ہیں۔ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ پردھان منتری نیشنل ڈائلیسز پروگرام کے تحت ضلع ہسپتال میں چار بستروں پر مشتمل ایک وارڈ قائم کیاجارہاہے۔ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں مشینری اور دیگر ساز و سامان کی خریداری کی گئی ہے جبکہ مزید کچھ سامان بھی خریداجارہاہے۔ضلع ہسپتال راجوری کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے کہاکہ ڈائلیسز یونٹ کے قیام کا عمل آخری مرحلہ میں ہے اور اسے ایک ماہ کے اندر چالو کردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد راجوری کے لوگوں کو یہیں پر ڈائلیسز کی سہولت فراہم ہوگی ۔بجاڑ نے بتایاکہ اس وارڈ کا قیام پی ایم نیشنل ڈائلیسز پروگرام کے تحت عمل میں لایاگیاہے۔یاد رہے کہ اب تک راجوری کے مریضوں کو ڈائلیسز کے لئے جموں یا سرینگر کا رخ کرناپڑرہاہے ۔راجوری کا ضلع ہسپتال خطہ پیر پنچال کا سب سے بڑا طبی ادارہ ہے جہاں طبی سہولیات کی مریضوں کو اشد ضرورت رہتی ہے۔