عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// راجوری ہائی وے پر پیر کی شام واٹر پوائنٹ کے نزدیک دو کاروں کے درمیان آمنے سامنے ہونے والے شدید تصادم میں ایک 24 سالہ نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جسے مقامی لوگوں اور پولیس کی فوری مدد سے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔زخمی نوجوان کی شناخت عاقب اعجاز ولد اعجاز احمد، ساکن شاہدرہ شریف کے طور پر ہوئی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق نوجوان کو حادثے میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج ہے۔ طبی عملہ اس کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب راجوری ہائی وے پر واٹر پوائنٹ کے قریب دو کاریں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچا، جبکہ ایک گاڑی میں سوار عاقب اعجاز شدید زخمی ہو کر پھنس گیا۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمی کو گاڑی سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس پوسٹ سٹی راجوری کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ بعد ازاں زخمی نوجوان کو فوری طور پر جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا تاکہ اسے بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے راجوری ہائی وے پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تباہ شدہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹایا، جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں حادثہ زدہ گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ گاڑیوں کا مکینیکل معائنہ کرایا جائے گا جبکہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے قانونی کارروائی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہوں پر گاڑی چلاتے وقت ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس طرح کے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔