راجوری//دُنیا ئے اُردو ادب کے معروف شاعر ’’ ساحرؔ لدھیانوی کی حیات و خدمات‘‘ پر شُعبہ اُردو راجوری کالج نے یک روزہ ادبی سیمینار مُنعقد کیا جس میں طُلبا ء و طالبات کے علاوہ کثیر تعداد میں مُحبّانِ اردو نے شرکت کی۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق شُعبہ فارسی کے سابق صدر پرو فیسر ایم ایس چوہان تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے جبکہ کالج کے سر براہ ڈاکٹر جاوید احمد قاضی نے صدارت کے فرائض انجام دیئے۔ خطبہ استقبالیہ شعبہ اردو کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالحق نعیمی نے پیش کیا اور ساحر لدھیانوی کی شاعری پر سیر حاصل گفتگو کی۔ کالج کے تمام شعبہ جات کے پروفیسر صاحبان و غیر تدریسی عملہ نے نہ صرف بڑھ چڑھ کر شمولیت کی بلکہ مقالہ نگاروں کو دادِ تحسین سے نوازا۔ اُردو اور گوجری کے فکشن نگار و صدرِ شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر ایم کے وقار کے علاوہ ڈاکٹر عبدالحق نعیمیؔ ، ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیرؔ ، ڈاکٹر محمد سلیم وانی اور پروفیسر مشتاق احمد نے ساحرؔ لدھیانوی کی حیاتِ و شاعری پر مقالے پیش کئے۔ مقالہ نگار پروفیسر محمد جہانگیر اصغرؔ نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ آخر میں ڈاکٹر ظہیر احمد نے مہمانو ںکا شکریہ ادا کیا۔