راجوری//صفائی ستھرائی کے مقصد سے چلائی جارہی سوئوچھ بھارت مشن (گرامین )سکیم کے تحت ضلع راجوری نے او ڈی ایف (اوپن ڈیفکیشن فری)کاہدف حاصل کرلیاہے۔ضلع میں 1.02لاکھ بیت الخلائوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور سروے کے مطابق بیت الخلاء سے محروم تمام کنبوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ساتھ ہی فیزیکل جانچ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ضلع انتظامیہ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ سوئوچھ بھارت مشن کے تحت محکمہ دیہی ترقی اور دیگر محکمہ جات نے گائوں گائوں میں مہم چلائی اور ضلع کے 376گائوں اور19بلاکوں کو اوڈی ایف قرار دیاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ نومبر 2017میں راجوری نے 23فیصد اہداف حاصل کئے تھے تاہم بیت الخلائوں کی تعمیر میں تیزی لاتے ہوئے جون کے آخری ہفتے کو سوفیصد ہدف پوراکرلیاگیا اورایک لاکھ کے قریب انفرادی بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ۔انہوں نے بتایاکہ جیو ٹیگنگ اور تصاویر اپ لوڈ کرنے کا75فیصد کام بھی مکمل ہوگیاہے ۔ترجمان کے مطابق ہدف طے کرنے کیلئے محکمہ دیہی ترقی کے علاوہ آنگن واڑی ورکروں وہیلپروں، آشاورکروں،محکمہ مال کے افسران،کوآپریٹو سوسائٹیز ،پی آر آئیز ،تعلیمی و طبی اداروں کی جانب سے بھی بڑے پیمانے پر مہم چلائی گئی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ اس دوران سماجی روابط کی ویب سائٹوں کے ساتھ ساتھ گائوں دیہات میں بیداری کیمپ منعقد کرکے عوام کو جانکاری فراہم کی گئی اورعوامی تعاون کے نتیجہ میں ہی یہ ہدف طے ہوسکا۔اوڈی ایف کا ہدف طے کرنے پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ضلع کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری افسران اوردیگر اداروں کے نمائندگان کی کاوشوں کی بدولت ایک سنگ میل حاصل کیاگیاہے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران اور فیلڈ عملہ کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اس کام کو ایک مشن سمجھ کر نبھایا اور ذمہ داری سے فرائض انجام دیئے ۔ خاص طور پر انہوںنے محکمہ دیہی ترقی کے فیلڈ عملے ،سوچھتا گراہس،آنگن واڑی ورکروں وہیلپروں،اساتذہ اور دیگر فریقین کی سراہنا کی ۔ضلع انتظامیہ کے مطابق ان بیت الخلائوں میں پانی کی فراہمی اورپینے کے پانی کی دستیابی کیلئے ایک پروجیکٹ پر پہل کی گئی ہے جس سے دو سو گائوں کو فائدہ ہوگا۔