راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 100سے پار ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ روز مختلف علا قوں سے وائرس سے متاثر 207مزید معاملات سامنے آئے ہیں ۔ضلع انتظامیہ نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز ضلع میں 4مزید اموات ہوئی ہیں جن کی وجہ سے کووڈ کی وجہ سے ابھی تک ضلع بھر میں اموات کی تعداد 100سے پار ہوگئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سندر بنی کے بیری پتن گائوں میں ایک 50سالہ شخص کی موت ہوئی ہے جبکہ کالاکوٹ علاقہ میں ایک 44سالہ شخص کو کالا کوٹ سی ایچ سی منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔اسی طرح ایک 45سالہ ایکس سروس مین جوکہ فوجی ہسپتال راجوری میں زیر علاج تھا ،کی کووڈ کی وجہ سے موت واقعہ ہو گئی ہے جبکہ راجوری قصبہ کے وارڈ نمبر 9میں بھی ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ٹھاکر شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علا قوں میں کی گئی ٹیسٹنگ کی وجہ سے 207نئے کووڈ کیس درج کئے گئے ہیں جن میں سے دو مسافر ہیں جبکہ دیگر مقامی افراد اس فہرست میں شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سندر بنی علاقہ میں سب سے زیادہ 62کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ کالاکوٹ میں 50راجوری میں 32،نوشہرہ میں 23درہال میں 23اور کنڈی میں 18معاملات شامل ہیں ۔ دوسری جانب پولیس انتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری طورپر باہر نہ آئیں جبکہ ساز و سامان قریبی دکانوں سے لیں تاکہ وائرس کے پھیلائو پر قابوپایا جاسکے ۔ایس ایس پی راجوری کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں مزید سختی برتی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ 8مئی سے کووڈ بندشوں کی خلاف ورزی کرنے کے سلسلہ میں 38ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں جبکہ اس دوران 21ضبط کر لی گئی ہیں ۔ایس ایس پی موصوفہ نے بتایا کہ 44افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 141پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔