راجوری//راجوری اور پونچھ کے ڈپٹی کمشنروں کے تبادلوں پر مقامی عوام میں زبردست غم وغصہ پایاجارہاہے اور انہوں نے اس سلسلے میں کئی مقامات پر احتجاج کیا۔وہیں راجوری کے لوگوں نے اس فیصلے کے خلاف غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال کرنے کا انتباہ دیاہے۔اس سلسلے میں عبداللہ پل کے مقام پر احتجاج کیاگیا جس دوران مظاہرین نے سڑک کوگاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ان کا مطالبہ تھاکہ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے تبادلے کا حکمنامہ واپس لیاجائے اور انہیں راجوری میں ہی کام کرنے دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ فوری طور پر حکمنامہ واپس لیاجائے نہیں تو وہ غیر معینہ مدت تک کیلئے ہڑتال شروع کردیں گے۔مظاہرین کاکہناتھاکہ ایک عرصہ کے بعد راجوری کو ایک قابل اور ایماندارمقامی افسر ملاتھاجس نے راجوری کے ترقیاتی منظرنامے کو ہی تبدیل کردیاتھاتاہم اس کا تبادلہ کردیاگیاہے جو ایک حیران کن فیصلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ شاہد اقبال نے لوگوں کی دہلیز پر پہنچ کر ان کے مسائل حل کئے اور انتظامیہ کو متحرک رکھا۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ عوامی مفاد میں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے تبادلے کے فیصلہ کو واپس لیں اور انہیں ضلع میں کام کرنے کا موقعہ دیاجائے۔اگرچہ انہوں نے احتجاج ختم کردیاتاہم یہ انتباہ دیاکہ اگر فیصلہ واپس نہ لیاگیاتو وہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کریں گے۔