سمت بھارگو
راجوری// ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر کافی عرصے سے قائم خاموشی جمعہ کی دیر شام اس وقت ٹوٹ گئی جب ترکنڈی سیکٹر میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے باعث سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ترکنڈی علاقے میں لائن آف کنٹرول پر واقع اگلی چوکیوں کے درمیان جمعہ کی شام بھاری فائرنگ شروع ہوئی، جو یہ خبر لکھے جانے تک جاری تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر واقع اگلی چوکیاں فائرنگ میں مصروف ہیں، جبکہ سرحدی دیہات میں رہنے والے لوگ خوفزدہ ہیں کیونکہ اس علاقے میں کافی عرصے سے مکمل سکون برقرار تھا۔سرحدی گاؤں کے چند مقامی باشندوں نے، جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش کی، بتایا کہ رات تقریباً 9:30 بجے سے مسلسل فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور وقفے وقفے سے گولیوں کی آوازیں اب بھی آرہی ہیں۔مقامی افراد کے مطابق فائرنگ کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ادھر، ایل او سی پر فائرنگ کے بعد اندرونی علاقوں میں تعینات سکیورٹی فورسز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، کیونکہ ماضی میں ایسے حالات کے دوران دراندازی کی کوششوں کے خدشات بھی ظاہر کیے جاتے رہے ہیں۔