محتشم احتشام
پونچھ//تحصیل منڈی کے پنچایت فتح پور میں واقع روحانی و مذہبی مرکز آستانہ عالیہ پیر متو صاحب کو ملانے والی رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث مقامی آبادی، عقیدت مندوںاور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ کے مکینوں کے مطابق سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، گہرے گڑھے بن چکے ہیں اور بارش کے دنوں میں یہ راستہ کیچڑ میں تبدیل ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف عام آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ بزرگ زائرین، خواتین، طلبہ اور مریضوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس اہم مذہبی مقام پر سال بھر مختلف علاقوں سے عقیدت مند حاضری دیتے ہیں، مگر سڑک کی ناگفتہ بہ حالت ان کے لیے مستقل آزمائش بنی ہوئی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، تاہم اب تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو آنے والے برساتی موسم میں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے استانہ عالیہ پیر مٹو کو جانے والی سڑک کی فوری مرمت اور ازسرِنو تعمیر کے احکامات جاری کریں تاکہ عوام اور زائرین کو محفوظ، آسان اور باوقار سفری سہولت میسر آ سکے۔علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اس دیرینہ عوامی مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے جلد عملی اقدامات کرے گی تاکہ اس اہم مذہبی مقام تک رسائی بحال ہو اور عوام کو درپیش مشکلات کا مستقل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔