نوشہرہ //مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ نوشہرہ کے سلسلے میں آئی جی جموں ایس ڈی سنگھ جموال اور ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ ریاست کے دورے پر آرہے ہیں جس دوران وہ نوشہرہ بھی آئیںگے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ وزیر داخلہ حد متارکہ پر پائی جارہی صورتحال کا جائزہ لیںگے اور سرحدی کشیدگی سے متاثر ہونے والے کنبوںسے بھی ملاقات کریںگے ۔ ان کے دورے کے سلسلے میں کئے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آئی جی جموں ایس ڈی سنگھ جموال نوشہرہ پہنچے جہاں انہوںنے گورنمنٹ ہائراسکینڈری سکول میں انتظامات کا جائزہ لیاجہاں راجناتھ سنگھ کو خطاب کرناہے ۔ انہوںنے موقعہ پر ہی پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ہر طرح کے انتظامات کو یقینی بنائیں ۔اس دوران انہوںنے خفیہ ایجنسیوںسے بھی بات چیت کی ۔بعد ازآں انہوںنے مقامی شہریوںکے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے ان کے مسائل سنے ۔ مقامی لوگوںنے مانگ کی کہ حد متارکہ پر رہنے والوں کیلئے خصوصی پولیس بھرتی کا اہتمام کیاجائے اور ان کے دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیں۔