پونچھ// شرپسند عناصر کے ذریعہ اقلیتوں کو ہراساں کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے شیعہ فیڈریشن کے صوبائی نائب صدر محمد بشیر میر نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر زور دیاہے کہ وہ خاموشی اختیار کرنے کے بجائے ایسے شرپسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی کریں جنہوںنے قانون کو بھی اپنے ہاتھ لے رکھاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ راجستھان میں جس طرح اقلیتی فرقہ کے شخص کو قتل کرکے اس کی نعش جلادی گئی ،اس سے بڑھ کر انسانیت سوز واقعہ اور نہیںہوسکتا۔ان کاکہناتھاکہ آئے دن ایسے واقعات میں اضافہ ہورہاہے اس لئے حکومت کو چاہئے کہ سختی سے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرے نہیں تو ملک میں امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچے گا۔ میر نے کہاکہ ایسے اقدامات اور شرپسند ی کے واقعات ملک کے مفاد میں نہیں ہیںاوران سے جمہوریت شرمسار ہوجاتی ہے اور عالمی پیمانہ پر ملک کی شبیہ بھی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے امریکی صدر کی طرف سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان پر بھی شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ٹرمپ کا فیصلہ بلاجواز اور غیر ذمہ دارانہ ہے اور یہ فلسطینی عوام کی حق تلفی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے اسرائیل کے خلاف ایک اور انتفادہ شروع ہوگئی ہے اور تشدد میں اضافہ ہوگا۔