مینڈھر اور بالا کوٹ میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو تقرر نامے حوالے کئے
عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر//وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے اِنٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈِی ایس ) سکیم کے تحت مینڈھر اور بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والی نئی منتخب آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو تقرری کے احکامات حوالے کئے۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے دیہی اور سرحدی علاقوں میں بنیادی سطح پر عوامی فلاح و بہبود اور صحت عامہ کی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ تقریب خطے میں اِبتدائی بچوں کی نگہداشت، غذائیت، زچہ و بچہ کی صحت اور سماجی فلاحی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی فلاح، خواتین کو بااِختیار بنانے اور عوامی صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے میں آنگن واڑی ورکروں کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور جموں و کشمیر بھر میں بنیادی سطح کے اِداروں کو مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے کہ فلاحی سکیموں کا فائدہ بالخصوص دیہی او رقبائلی علاقوں میں ہر مستحق گھرانے تک پہنچے۔وزیر جاوید رانا نے آئی سی ڈِی ایس سکیم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آنگن واڑی مراکز بچوں کی غذائی اور صحت کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیںجبکہ ماؤں میں صحت، متوازن غذا، حفاظتی ٹیکہ کاری اور بچوں کی نشوونما سے متعلق شعور بھی پیدا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد بچوں کی ذہنی، جسمانی اور سماجی نشوونما کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے، نیز خواتین اور بچوں میں غذائی قلت، بیماریوں اور شرح اموات میں کمی لانا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔اُنہوں نے آنگن واڑی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کی مؤثر کارکردگی اور رسائی بہتر بنانے کے لئے مسلسل کوششوں کی اپیل کی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے لئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، وسائل کی بروقت فراہمی اور بہتر کام کے ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اَپنا تعاون جاری رکھے گی تاکہ وہ اَپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔جاوید رانا نے نومنتخب ورکروں اور ہیلپروں کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت خلوص، لگن اور ہمدردی کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ اُنہوں نے اُنہیں خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرمی سے کام کرنے اور اَپنے اَپنے علاقوں میں ایک صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار اَدا کرنے کی ترغیب دی۔اِس پروگرام میں متعلقہ محکموں کے اَفسران، مقامی نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے بنیادی سطح پر فلاحی اِداروں کو مضبوط بنانے اور خطے میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔
کابینہ وزیر جاوید رانا کا مینڈھر سب ڈویژن میں محکموں کی کارکردگی کا جائزہ
پانی، صحت، سڑک اور قبائلی مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری
پانی، صحت، سڑک اور قبائلی مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری

عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر// کابینہ وزیر جاوید احمد رانانے پیر کے روز مینڈھر سب ڈویژن کا دورہ کر کے مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور علاقے میں جاری ترقیاتی و عوامی فلاحی منصوبوں کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ایک عوامی رابطہ کیمپ بھی منعقد کیا جہاں مقامی لوگوں، عوامی نمائندوں اور مختلف وفود نے اپنے مسائل اور مطالبات پیش کیے۔جائزہ اجلاس کے دوران وزیر موصوف نے جل شکتی، آبپاشی، جنگلات، صحت، دیہی ترقی اور دیگر لائن محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پانی کی فراہمی، آبپاشی نظام، عوامی سہولیات کی دیکھ بھال اور مختلف فلاحی اسکیموں کے نفاذ کی صورتحال پر متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کیں۔جاوید احمد رانا نے افسران اور انجینئرنگ عملے کو ہدایت دی کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو پینے کے پانی، آبپاشی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔وزیر نے واٹر سپلائی اسکیموں، پمپ اسٹیشنوں، پائپ لائنوں اور آبپاشی ڈھانچے کی باقاعدہ دیکھ بھال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور زمینی سطح پر آپسی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ ترقیاتی منصوبے مؤثر انداز میں مکمل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوامی خدمات میں بہتری کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ شفاف طرز حکمرانی، جوابدہی اور معیاری تعمیراتی کام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے تمام منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔بعد ازاں وزیر نے مینڈھر میں ایک عوامی رابطہ کیمپ منعقد کیا جہاں مختلف وفود اور مقامی باشندوں نے پینے کے پانی، صحت سہولیات، جنگلاتی حقوق قانون، پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی-جی)، سڑک رابطہ اور دیگر ترقیاتی مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور مطالبات پیش کیے۔وفود نے علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، سڑکوں کی حالت بہتر بنانے، ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول قائم کرنے اور زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔جاوید احمد رانا نے عوامی مسائل سننے کے بعد یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمات کو دہلیز تک پہنچانے اور ترقیاتی فوائد سماج کے ہر طبقے تک پہنچانے کے لیے پْرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر گھر تک محفوظ پینے کا پانی پہنچانے، صحت خدمات کو بہتر بنانے، سڑک رابطہ مضبوط کرنے، قبائلی برادری کے مسائل حل کرنے اور جنگلاتی حقوق قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔وزیر نے آبپاشی، فلڈ کنٹرول اور جنگلاتی محکموں کو ہدایت دی کہ پانی اور مٹی کے تحفظ کے اقدامات کو ترجیح دی جائے، خصوصاً بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور پائیدار آبی وسائل ہی علاقوں کی حقیقی ترقی کا ذریعہ بن سکتے ہیں، اس لیے قدرتی پانی کے ذخائر کے تحفظ اور مؤثر استعمال کے لیے جامع حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔