نئی دہلی// ملک کے کچھ حصوں میں خصوصی طور پر پہاڑی علاقوں کے سیاحتی مقامات، عوامی نقل و حمل (ٹرانسپورٹ)، دکانوں اور مال میں بڑھنے والی بھیڑ کے معاملوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ کووڈ سے بچاؤ کے تمام احتیاطی تدابیر کو سختی سے نافذ کریں۔ ہوم سکریٹری اجے بھلّا نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنروں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر ابھی ختم نہیں ہوئی ہے لہٰذا کسی طرح کی کوتاہی یا نرمی برتنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں کمی آنے کے ساتھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے مرحلہ وار ڈھنگ سے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ اس دوران کسی بھی طرح کی لاپرواہی نہ برتی جائے ۔انہوں نے کہا کہ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کی ہدایات کی خلاف ورزی کے سبب کسی بھی علاقے میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد وہاں فوراًپابندیاں لگانی ہوں گی اور اس کے لیے وہ ادارے ، احاطے یا دکان وغیرہ کو ہی ذمہ دار مانا جائے گا۔ اس طرح کے کیسز میں مجرموں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے دہرایا کہ جس علاقے میں پابندی عائد کی جاتی ہے ’ اس علاقے کے افسر کو لاپرواہی کے لیے ذمہ دار بھی ٹھہرایا جائے گا۔خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کئی حصوں میں بالخصوص عوامی نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) اور پہاڑی علاقوں کے سیاحتی مقامات پر کورونا کے حفاظتی تدابیر سے بے اعتنائی برتی جا رہی ہے جو تشویش کا باعث ہے کیونکہ اس سے ایک بار پھرکورونابڑھنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دکانوں، مال، بازار، ہفتہ وار بازاروں، ریسٹورنٹ، بار، منڈیوں، بس اسٹیشن، ریلوے اسٹیشن، جِم، شادی کی جگہوں وغیرہ میں کووڈ مناسب برتاؤ کو نافذ کرنا متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہوگی۔ خط میں اس بات پر خصوصی طور پر زور دیا گیا ہے کہ کورونا ٹیکہ کاری کا عمل رفتار پکڑ رہا ہے لیکن ہمیں کسی طرح کی ڈھلائی نہیں برتنی ہے اور کووڈ برتاؤ کو‘دوائی بھی کڑائی بھی’ کے فارمولے کے ساتھ سختی سے نافذ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کی شرح میں بھی کسی طرح کی کمی نہیں لانی ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ خواہ پوزیٹیوٹی ریٹ میں کمی آ رہی ہو لیکن ہمیں یہ یقینی بنانے کی کوشش کرنی ہے کہ کورونا کیسز دوبارہ نہ بڑھیں لہٰذا ٹیسٹ، ٹریک، ٹریٹ، ٹیکہ کاری اور کووڈ مناسب برتاؤ کو نافذ کرنے کی پانچ نکاتی حکمت عملی پر کام کرنا ہوگا۔ ہوم سکریٹری نے تمام چیف سکریٹریز سے کہا ہے کہ وہ ضلع افسران اور مقامی افسران کو بھیڑ بھاڑ پر قابو پانے کی تمام تدابیر نافذ کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سماجی دوری بنائیں رکھنے اور کووڈ مناسب برتاؤ کے بارے میں تمام افراد کو اشتہاری ذرائع سے بیدار کیا جانا چاہیے ۔
ملک میں624اموات،39 ہزار معاملات
ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4لاکھ 11ہزار سے متجاوز
نئی دہلی/یو این آئی/ ملک میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے گھٹتے کیسز کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس موذی وائرس کے 38 ہزار،792 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور شفایابی کی شرح بڑھ کر 97.28 فیصد ہوگئی ہے ۔دریں اثنا منگل کو 37 لاکھ 14 ہزار 441 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ۔ ملک میں اب تک 38 کروڑ 76 لاکھ 97 ہزار 935 افراد کو کورونا وائرس کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین کروڑ نو لاکھ 46 ہزار 74 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ کے دوران ملک میں 41 ہزار مریضوں کی شفایابی سے اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ ایک لاکھ چار ہزار 720 ہوگئی ہے ۔ ایکٹیو کیسز2832 سے گھٹ کر چار لاکھ 29 ہزار 946 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 624 مریضوں کی ہلاکت کی وجہ سے اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 11 ہزار 408 ہوچکی ہے ۔