جموں//جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی نے جسٹس پنکج متل سرپرستِ اعلیٰ جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی اور جسٹس علی محمد ماگرے ایگزیکٹو چئیر مین جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کی سربراہی میں دوسری خصوصی لوک عدالت کاانعقاد کیا ۔ خصوصی لوک عدالت کا انعقاد یو ٹی کے تمام اضلاع میں کیا گیا تھا تا کہ نادار مدعیان کیلئے انصاف کا حصول اُن کے گھروں کے نزدیک ہی یقینی بنایا جا سکے ۔ خصوصی لوک عدالت میں 99بنچوں کی جانب سے 4210 معاملات اٹھائے گئے جن میں سے 2865 معاملات باہمی افہام و تفہیم سے نمٹائے گئے اور 97783659 روپے بطور معاوضہ دیوانی ، فوجداری ، تنازعات ، بجلی اور پانی بل معاملات ، اراضی حصول معاملات ، خانگی معاملات ، بنک قرضہ جات کی حصولیابی وغیرہ کے حق میں منظور کئے گئے ۔ ممبر سیکرٹری جموں کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی نے تمام شرکاء بشمول جوڈیشل افسران پی ایل ایس ایز کے سیکرٹریز ، وکلاء ، بیمہ کمپنیوں اور بنکوں کے نمائندگان ، عدلیہ اور لیگل سروسز اداروں کے عملے اور مدعیان کا معاملات کو نمٹانے کیلئے عملی طریقہ کار اپنا کر ان میں شرکت کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔